اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان بننے کے بعد آزادی کیلئے لڑنے والوں کی قدر نہیں کی گئی۔
باچا خان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ خان ولی خان کو میں نے اپنے بچپن میں پہلی باردیکھا تھا، 1972 میں جمعیت حکومت قائم ہوئی تو میرے والد نے ان کا استقبال کیا، اگر آزادی کا مفہوم کوئی سمجھنا چاہے تو شیخ ہند کے پیرو کار سے سمجھے۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا انگریز کے مظالم کے باوجود تحریک آزادی سے منسلک رہے، تحریک خلافت میں قربانیاں دینے والوں کو جگہ نہیں دی گئی، بھٹو صاحب کے زمانے میں خان عبدالغفار خان بھی قافلے میں ہوتے تھے۔
انہوں نے کہا باچا خان سے ڈانٹ بھی پڑتی تھی کہ کیا انقلاب برپا کرو گے، میرے والد کا انتقال ہوا تو میں اس وقت جیل میں تھا، باچا خان میرے گھر آئے تو میرے چھوٹے بھائی کو گود میں لیا، آج بھی میرے دل سے ولی خان کیلئے دعا نکلتی ہے، مجھے ولی خان نے نصیحت کی کہ کبھی بھی مایوس نہ ہونا۔