لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ، راولپنڈی اور گردونواح میں زلزلے سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے ۔
زلزلہ پیما مرکز کےمطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6 اعشاریہ 3 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اس کی گہرائی 150کلومیٹر زیر زمین تھی ۔
زلزلہ پیما مرکز کےمطابق زلزلے کا مرکز تاجکستان تھا ۔
جڑواں شہروں میں زلزلے کے جھٹکے چند سیکنڈز تک محسوس کیے گئے ہیں جبکہ پاکستان سمیت ایران ، افغانستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔
زلزلے سے کسی جانی ومالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے ۔






































