اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا کہ ہم اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے راجہ ریاض نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، کل پنجاب کے تھانے پر بھی حملہ ہوا ہے، سوچنا ہو گا ایسے واقعات کیوں ہو رہے ہیں، 414 ارب خیبرپختونخوا حکومت کو 10 سالوں میں دیئے گئے، انتہائی افسوس سے کہتا ہوں، پشاور سیف سٹی نہیں بن سکا۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اگر 414 ارب کھائے نہ جاتے تو سانحہ پشاور نہ ہوتا، یہ گزشتہ حکومت کی بہت بڑی ناکامی ہے، دہشت گردوں کو گڈ اور بیڈ کا نام دیا گیا اور انہیں بھائی، دوست کہا گیا، آج پتا چل گیا وہ نظریہ غلط تھا، افغانستان سے لوگوں کو بسانے کا نظریہ بھی غلط تھا، اب پھر دہشت گردی نے سر اٹھانا شروع کر دیا ہے، پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
راجہ ریاض نے مزید کہا ہے کہ انشاء اللہ دہشت گردوں کو شکست دیں گے، اس وقت اکٹھے ہونے کی ضرورت ہے، افسوس جس شخص نے اپنی مسجد بنائی ہے وہ ساتھ نہیں ہو گا، وہ شخص ایک چیز چاہتا ہے کہ لوگ اس کے پیچھے کھڑے ہوں، اس کو کہتا ہوں اب تو آپ ویسے بھی کھڑے نہیں ہو سکتے نا قوم آپ کے پیچھے کھڑی ہوگی۔