ایمسٹر ڈیم، ہالینڈ: (ویب ڈیسک) ہالینڈ کے شہروں میں آبادی میں اضافے اور سائیکل سواروں کی پارکنگ میں کمی کی وجہ سے اب سب سے بڑے شہر میں ملک کی سب سے بڑی سائیکل پارکنگ تعمیر کی جارہی ہے جو درحقیقت زیرِ آب قائم کی جائے گی۔
ایمسٹرڈیم میں قائم یہ پارکنگ ملک میں سائیکلوں کی سب سے بڑی پارکنگ ہوگی جو خود تعمیراتی عجوبہ بن سکتی ہے۔ اسے آئی جے دریا کی ایک شاخ اوپن ہیون فرنٹ کے نیچے بنایا جائے گا جبکہ دوسری پارکنگ بھی اسی دریا پر تعمیر ہوگی۔
یہاں ایک وقت میں 11000 موٹرسائیکل رکھی جاسکتی ہیں۔ 2019 میں تعمیراتی کام شروع ہوا اور اب تکمیل کے قریب ہے۔ اسے بنانے کے لیے بڑے بڑے پمپوں سے پانی باہر نکالا گیا تھا۔ ہالینڈ میں انفراسٹرکچر کے نائب وزیر کہتے ہیں کہ ہمارا ملک چھوٹا سا ہے اور اس کی ہرجگہ کو سوچ سمجھ کر استعمال کرنا ضروری ہے۔
سائیکلوں کو ایک کنویئر بیلٹ پر رکھا جاتا ہے جو انہیں 30 فٹ نیچے گراؤنڈ لیول تک لے جاتا ہے جسے ’ورک‘ نامی کمپنی نے تعمیر کیا ہے اور اسے اطراف کے آبی ذخائر کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے لحاظ سے تیار کیا گیا ہے۔ اس کا اندرونی ڈیزائن سیپی کی طرح بنایا گیا ہے جس کی اندرونی تعمیر میں عام پتھر اور بیسالٹ استعمال کیا گیا ہے۔ اندر خاص انداز سے روشنی رکھی گئی ہے جو اسے مزید خوبصورت بناتی ہے۔
واضح رہے کہ ایمسٹرڈیم شہر میں ہی سائیکلوں کی کل تعداد 9 لاکھ سے زاد ہے اور 2021 کے مقابلے میں روزانہ 6 لاکھ سے زائد سائیکلیں سڑکوں پر ہوتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پارکنگ کا مسئلہ ایک گھمبیرصورتحال اختیار کرچکا ہے۔