راولپنڈی: (ویب ڈیسک) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 17 ہویں میچ میں محض 2 رنز پر تین وکٹیں گنوانے کے باوجود پشاور نے شاندار کم بیک کیا اور کراچی کو 198 کا ہدف دیا۔
کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
پشاور کے خلاف کراچی آغاز عمدہ رہا، عامر نے ایک اوور میں دو وکٹیں لے کر پشاور کو دھچکا پہنچایا۔
راولپنڈی میں ہونے والے میچ میں محمد عامر نے اپنے پہلے اوور میں محمد حارث اور بابر اعظم کو صفر پر پویلین کی راہ دکھائی۔
اس کے بعد محمد عامر نے اپنے دوسرے اوور میں بھی صائم ایوب کو آؤٹ کیا۔ ایک موقع پر پشاور زلمی کے محض 2 رنز پر تین کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔
تاہم بعد میں آنے والے کھلاڑیوں ٹام کوہلر، حسیب اللہ خان اور روومین پاویل نے بالترتیب 56، 50 اور 64 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو پہنچنے والے ابتدائی نقصان سے باہر نکالا اور اسکور بورڈ پر 198 رنز کا ہدف سجا دیا۔
پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے۔ کراچی کی جانب سے محمد عامر نے 4 اور تبریز شمسی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل کے رواں سیزن میں لاہور قلندرز 5 میچز کھیل کر پہلے جبکہ ملتان سلطانز دوسرے ، اسلام آباد تیسرے، کراچی کنگز چوتھے، پشاور زلمی پانچویں اور کوئٹہ چھٹے نمبر پر ہے۔
