لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنماؤں شاہ محمود قریشی اور فواد چودھری کے خلاف تھانہ ریس کورس میں سب انسپکٹر محمد وسیم کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق فواد چودھری نے زمان پارک میں فتنہ انگیزی اور اشتعال انگیز تقریر کی جس میں عوام کو حکومت پاکستان، ریاستی اداروں کے خلاف اکسایا گیا، فواد چودھری نے ریاستی اداروں پر قتل کی منصوبہ بندی کا بھی الزام لگایا۔
درخواست میں لکھا ہے کہ شاہ محمود قریشی اور فواد چودھری کی جانب سے زمان پارک میں کی گئی پریس کانفرنس کے رش کے باعث کینال روڈ بلاک ہوئی، فواد چودھری نے شارع عام پر آمدورفت میں خلل ڈال کر جرم کا ارتکاب کیا ہے۔
سابق وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی اور فواد چودھری کے خلاف درج مقدمہ میں روڈ بلاک، دھمکیوں، اشتعال انگیز تقاریر سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔