اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس میں فوجداری کارروائی کی سماعت آج ہوگی، سابق وزیر اعظم عدالت میں پیشی کیلئے زمان پارک سے اسلام آباد روانہ ہوچکے ہیں۔
یاد رہے کہ ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے عمران خان کو فردِ جرم عائد کرنے کے لیے طلب کر رکھا ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین کی درخواست پر کیس کی سماعت ایف 8 کچہری سے جوڈیشل کمپلیکس ایف الیون منتقل کر دی گئی ہے، چیف کمشنر اسلام آباد نے عمران خان کی درخواست پر عدالتی پیشی کی جگہ تبدیل کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے جس کے مطابق کیس کی سماعت اب نیب کورٹ نمبر ون میں ہوگی، عدالتی منتقلی کا فیصلہ سکیورٹی بہتر بنانے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کی کاپی چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ سیشن جج کو بھی ارسال کر دی گئی ہے۔
احاطہ عدالت جانیوالے رہنماؤں کی لسٹ میں تبدیلی
جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی پر پاکستان تحریک انصاف چیئر مین عمران خان کیساتھ جانے والے رہنماؤں کی لسٹ میں تبدیلی کر دی گئی، رہنماؤں کی تعداد 6 سے بڑھا کر 14 کر دی گئی۔
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر، شبلی فراز، عمر ایوب، فواد چوہدری، مراد سعید، عامر کیانی، پرویز خٹک، اسد قیصر،عاطف خان، محمود خان، شاہ فرمان، وسیم شہزاد، علی نواز اعوان اور راجہ خرم شہزاد کو عمران خان کے ساتھ عدالت جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
جوڈیشل کمپلیکس کے عملے کو داخلے کی اجازت انٹری گیٹ پر کارڈ دکھائے بغیر نہیں ملے گی جبکہ دیگر افراد کا داخلہ ایڈمنسٹریٹیو جج کی اجازت سے مشروط ہو گا،عمران خان کی حفاظت کے لیے کلوز پروٹیکشن ٹیم کے اہلکاروں کے نام شامل نہیں ہیں۔
الیکشن کمیشن کے وکلاء امجد پرویز، نواز چودھری، حمزہ الطاف اور گلزار احمد جبکہ عمران خان کے وکلاء خواجہ محمد حارث، بیرسٹر گوہر خان اور شیر افضل مروت پیش ہوں گے۔
