لاہور:(ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے آئین کی بالا دستی کیلئے پارٹی رہنماؤں کو تمام سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا ٹاسک دے دیا اور کہا کہ عدلیہ پر حملہ روکنے کیلئے پوری قوم کو اکٹھا کرنا ہوگا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے زمان پارک لاہور میں سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی، ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، انتخابات کے معاملے پر سپریم کورٹ میں زیر سماعت کیس کے معاملے پر گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو رول آف لاء اور آئین کی بالادستی کیلئے تمام سیاسی جماعتوں و سول سوسائٹی سے رابطوں کا ٹاسک دے دیا۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں عدلیہ پر حملہ کیا جا رہا ہے، روکنے کیلئے پوری قوم کو اکٹھا کرنا ہے، انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ جو سیاسی جماعتیں آئین کی بالادستی کیلئے کھڑا ہونا چاہتی ہیں سب سے رابطہ کیا جائے۔
سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ ہمیں ذمہ داری ملی ہے، انشاء اللہ سیاسی جماعتوں سے رابطہ کیا جائے گا، سندھ کی سیاسی، مذہبی، قوم پرست جماعتوں اور سول سوسائٹی سے بھی رابطہ کیا جائے گا، آئین کی بالادستی اور رول آف لاء کیلئے پوری قوم کو اکٹھا ہونا ہوگا۔