لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ میں آٹے کی تقسیم کے دوران ہلاکتوں اور تقسیم کے طریقہ کار کے خلاف درخواست دائر کر دی گئی۔
لاہور ہائی کورٹ نے اشیائے ضروریہ کی تقسیم کی میڈیا پر تشہیر روکنے کا حکم دے دیا اور درخواست پر سماعت کے لئے 11 اپریل کی تاریخ بھی مقرر کر دی ہے۔
عدالت کا کہنا ہے کہ مفت اشیائے ضروریہ کیلئے مستحقین کو لائن میں کھڑا کرنا انسانی وقار کو پامال کرتا ہے، اگر ایسی تقسیم کی تشہیر ہو جائے تو یہ جلتی پر تیل کا کام کرتی ہے۔
عدالت نے یہ بھی کہا کہ حکومت کی پروجیکشن کے لیے عوام کے فنڈز سے خیرات کی پبلسٹی کرپٹ پریکٹس ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں مفت آٹے کے حصول کے لیے کئی مرتبہ بھگدڑ مچنے سے متعدد لوگ زخمی اور جاں بحق ہوچکے ہیں۔