لاہور: (ویب ڈیسک) اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی راجہ ریاض کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔
شہری منیر احمد نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں وفاقی حکومت، سپیکر قومی اسمبلی اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری پر حکم امتناعی جاری کررکھا ہے، اسمبلی رولز کے حوالے سے عدلیہ کا فیصلہ آ چکا ہے، پی ٹی آئی اراکین کی موجودگی میں راجہ ریاض کی تقرری غیر آئینی ہے، راجہ ریاض کا تعلق پی ڈی ایم سے ہے وہ اپوزیشن لیڈر نہیں بن سکتے، اسمبلی کی مدت ختم ہونے والی ہے مگر سپیکر نے راجہ ریاض کو عہدے سے نہیں ہٹایا۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت اسمبلی کی مدت ختم ہونے سے پہلے ہی راجہ ریاض کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے۔