لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے 1990 سے 2001 تک کی توشہ خانہ کی تفصیلات اور تحائف دینے والے ممالک کا ریکارڈ پبلک کرنے کے عدالتی فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔
وفاقی حکومت کی جانب سے اپیل پر جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ آج سماعت کرے گا، حکومت نے سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن کے ذریعے اپیل دائر کی۔
ایپل میں کہا گیا کہ سنگل بنچ نے 1990 سے 2001 تک توشہ خانہ سے لئے گئے تحائف کی تفصیلات پبلک کرنے کا حکم دیا، سنگل بنچ نے تحائف دینے والوں کے نام بھی پبلک کرنے کی ہدایت کی ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ تحائف دینے والے ممالک کے نام پبلک کرنے کا سنگل بنچ کا فیصلہ قانونی طور پر درست نہیں۔
وفاقی حکومت نے استدعا کی کہ سنگل بنچ کا 1990 سے 2001 تک کا ریکارڈ پبلک کرنے اور ممالک کے نام پبلک کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔
واضح رہے کہ سنگل بنچ نے 1990 سے 2001 تک تحائف کی تفصیلات پبلک کرنے کا حکم دیا تھا۔