تازہ تر ین

ملک میں جاری جمہوری و آئینی بحران سےنکلنےکا واحد حل مذاکرات ہیں : بلاول بھٹو

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کاکہنا ہے کہ ملک میں آئینی وجمہوری بحران ہے جس سے نکلنے کاواحد حل مذاکرات ہے ۔
آئین کی گولڈن جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 1947میں پاکستان بنا اور 10اپریل 1973 کو وفاقی جمہوری اسلامی آئین کی بنیاد رکھی گئی، اور آج ہم اس آئین کی گولڈن جوبلی منانے کیلئے یہاں موجود ہیں، پاکستان کا آئین وہ زنجیر ہے جو چاروں صوبوں کو جوڑتا ہے، تعلیمی نصاب میں یہ دن پڑھایا جانا چاہئے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان نے بڑی مشکلات کا سامنا کیا، سیاسی کارکنوں نے آئین کیلئے بڑی قربانیاں دیں، ہم نے 3 آمریتوں کا مقابلہ کیا، ضیاء الحق کی آمریت نے جمہوریت کی بنیادیں ہلادیں، بینظیر بھٹو نے جمہوریت کی بحالی کا سفر شروع کیا، اور 1973 کے آئین کی بحالی کیلئے30 سال جدوجہد کی۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم نے ایک نہیں تین آمروں کا مقابلہ کیا ، ہر آمر جعلی سیاست دان کھڑے کر دیتا ہے ، کچھ جعلی سیاست دان اور کٹھ پتلیاں آج بھی پی ٹی آئی کے جھنڈے تلے جمع ہیں ، سلیکٹڈ وزیراعظم کو ہٹانے کا مطلب یہ نہیں سازشیں ختم ہوگئیں، سوچا تھا جمہوریت کامیاب ہوگئی لیکن ہم غلط تھے ،سازش آج تک چل رہی ہے ، آج بھی ہر ادارے میں وہ لوگ موجود ہیں جو اس جمہوری سفر کے خلاف ہیں، اس گولڈن جوبلی پر ضروری ہے سازشیں سامنے لے کر آئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پرویزمشرف نے جو بیج بویا ہے وہ آج تک کاٹ رہے ہیں، ہم بحرانوں کا مقابلہ کرکے آگے بڑھے، ملک کو ون یونٹ بنانے کی کوشش کی گئی، 18ویں ترمیم کےخلاف سازشیں ناکام بنائی گئیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ ہمیں بتانا چاہتے ہیں کہ 2 جمع 2 کا جواب تین ہوتا ہے، جب کہ واضح طور پر فیصلہ 4،3 کا تھا، اس قسم کا مذاق آئین اور عدلیہ کے ساتھ کھیلا جا رہا ہے، اقلیت کو اکثریت پر ثابت کرنا چاہتے ہیں، یوم دستور پر چیف جسٹس سے اپیل کرتا ہوں کہ ہماری عدالت اپنے وقار کو بلند کرسکتی ہے ، سیاسی سوچ کو پس پشت رکھ کر ججزصاحبان آپس میں بیٹھیں، اعلیٰ عدلیہ کی ذمہ داری ہے کہ اپنے ادارے کو بچائیں، ہر ادارے کو اپنے آئینی اختیارمیں رہ کر کام کرنا ہوگا۔
وزیرخارجہ نے سا بق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ملک پر معاشی حملہ کرکے نکلے تھے، ہمارے وزیر خزانہ دن رات کام کرکے معیشت ٹھیک کررہے ہیں، عمران خان نے ملک پر دوبارہ دہشت گردی مسلط کی، ہم پوری قوم اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کا مقابلہ کررہے ہیں اور انہیں شکست دیں گے۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain