اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ایف آئی اے اور پولیس نے درج مقدمات کی تفصیلات اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کروا دیں، جس پر عدالت نے تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید کے مقدمات کی تفصیلات فراہمی کا کیس نمٹا دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس ارباب محمد طاہر نے مراد سعید کی مقدمات کی تفصیلات فراہمی سے متعلق کیس کی سماعت کی ، وکیل مراد سعید شیر افضل مروت عدالت میں پیش ہوئے۔
مراد سعید کے وکیل نے عدالت میں موقف اپنایا کہ مراد سعید کو واضح سیکیورٹی تھریٹ ہیں، سیکیورٹی فراہم کی جائے، اسلام آباد پولیس کی جانب سے فراہم کردہ سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔
جج نے کہا کہ کوئی دستاویزات جمع کروا دیں جو سکیورٹی واپس لی گئی ہے، ہم دیکھ لیتے ہیں۔
ایف آئی اے نے تفصیلات جمع کراتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ مراد سعید کے خلاف ایف آئی اے کا کوئی کیس نہیں جبکہ پولیس نے 8 درج مقدمات کی تفصیلات جمع کرائیں۔
بعدازاں عدالت نے مراد سعید کے مقدمات کی تفصیلات فراہمی کا کیس نمٹا دیا۔