اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان انٹیلی جنس ایجنسیز کے حکام پر بے بنیاد اور اشتعال انگیز الزامات لگا کر اپنے کارکنان کو اکسا رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں رہنما پیپلز پارٹی شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے حاضر سروس فوجی اور انٹیلی جنس ایجنسیز کے حکام پر الزامات افسوسناک اور قابل مذمت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان بار بار حساس اداروں پر الزامات لگا رہے ہیں جو انتہائی خطرناک ہے، وہ بغیر ثبوت کے الزامات لگا رہے ہیں، ایک طرف اداروں پر الزامات تو دوسری طرف ان سے ملاقاتوں کی درخواستیں کر رہے ہیں۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان پر گزشتہ سال 3 نومبر کو حملہ ہوا جس کی ہم سب نے مذمت کی، 12 جنوری تک ان کی پنجاب میں حکومت قائم تھی، ان کی صوبائی حکومت نے اس حملے کے حوالے سے کیا تحقیقات کی؟۔