راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مودی اور جوبائیڈن کا اعلامیہ پاکستانی خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید نے اپنے پیغام میں کہا کہ امریکہ بھارت اعلامیہ کے اگلے روز ہی 2 پاکستانی سویلین کو بارڈر پر شہید کیا گیا، پاکستان کو بھرپور جواب دینا چاہیے، ہمارےفوجی جوان دہشتگردوں کے خلاف روز جام شہادت نوش کر رہے ہیں اور امریکہ انڈیا اعلامیہ میں ہمیں دہشتگردی کا مرتکب ٹھہرایا گیا ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہتھکڑیاں چادر چاردیواری کی تباہی خواتین کی تضحیک یہ ہے شریفوں کی جمہوریت، خود سیر و تفریح موج میلے پر ہیں، غریب پر 215 ارب روپے کا مزید ٹیکس لگایا جا رہا ہے، 10 روپے پٹرول پر مزید لگ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بیروزگاری، لوڈشیڈ نگ، اجناس کی قلت غریب کا مقدر ہے، ساری دنیا کو معلوم ہے یہ کرپٹ غیر مقبول اور چور دروازے سے لایا گیا قبضہ گروپ ہے، غیر مقبول حکمران جب صرف تقریروں اور تصویروں کیلئے لائے جاتے ہیں تو اقتصادی داخلہ اور خارجہ پالیسیاں تباہ و برباد ہو جاتی ہیں۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ یہ الیکشن میں جانے کی پوزیشن میں نہیں، عوام انہیں مانتی ہے نہ ہی دنیا انہیں تسلیم کرتی ہے، یہ عوام کے سہارےنہیں بیساکھیوں کےسہارے چل رہے ہیں، حکمرانوں کے اپنے اثاثے اپنی دولت اپنی اولاد ملک سے باہر ہیں اگر یہ اپنےاثاثےملک کے اندر لے آئیں تو ملک کےآدھے مسئلے حل اور آئی ایم ایف کا دباؤ کم ہو جائے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ 13 مردہ پارٹیوں نے ملک کو غریب کا قبرستان بنا دیا ہے، زرداری کو میثاق معیشت سے پہلے کرپشن کا حساب دینا ہوگا، نواز شریف کے آنے یا نہ آنے سے اب سیاست میں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔