سوشل میڈیا پر وی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے سائفر کے معاملے پر ردعمل دیا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اخبار میں سائفر کے مندرجات درست ہیں تو یہ بہت بڑا جرم ہے۔ سائفر سے متعلق قومی سلامتی کونسل کے 2 اجلاس میری سربراہی میں ہوئے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایک اجلاس میں اسد مجید نے واضح کہا کہ ڈونلڈ لو سے ملاقات میں سازش کی کوئی بات نہیں ہوئی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا بیانیہ تھا کہ امریکی سازش سے ہماری حکومت آئی جو سچ نہیں۔ اگر ہماری حکومت سازش سے آتی تو روس سے ہم سستا تیل نہ لیتے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سروسز چیفس نے تائید کی تھی کہ پاکستان کے خلاف سازش نہیں ہوئی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے دوسرے بیان میں خود کہا کہ امریکا نے سازش نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا پہلا بیان مستند ہے یا دوسرا، ایک شمال اور دوسرا جنوب کا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے چین کے ساتھ تعلقات کو نقصان پہنچایا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا امریکی سازش کا بیانیہ جھوٹ اور سائفر کے مندرجات لیک کرنا جرم ہے،وزیراعظم