اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کو مائنس کرنے والے خود مائنس ہو چکے ہیں ۔ نواز شریف کو مائنس کرتے کرتے پاکستان کی ترقی مائنس ہوگئی۔
خیبر پختونخوا میں پارٹی ونگز کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کی سینئر نائب صدر نے مزید کہا کہ نواز شریف خوش آمدید، مایوسی کے اندھیرو الوداع۔ معمار پاکستان ویلکم بیک، سازشیو گڈ بائے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف واپس نہیں آرہا، پاکستان کی خوش حالی کا دور واپس آ رہا ہے ۔ نواز شریف کا پیغام پاکستان کی ترقی، مہنگائی سے عوام کو نجات دلانا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف نے بہادری، ثابت قدمی سے سیاسی انتقام کا مقابلہ کیا اور سرخرو ہوئے، الحمدللہ ۔ نوازشریف نے عوام کو مہنگائی سے بچایا تھا، اس خدمت کی انہیں سزا ملی۔2016ء میں عوام سے ترقی ، مہنگائی میں کمی چھین لی گئی ۔نوازشریف کے خلاف سازش کے نتیجے میں عوام کو مہنگائی ملی۔ سازشی نہیں چاہتے تھے کہ پاکستان معاشی طورپر مضبوط ہو اور عوام مہنگائی کی غلامی سے آزاد ہوں ۔