تازہ تر ین

نواز شریف کی واپسی سے مہنگائی آہستہ آہستہ کم ہوگی، خواجہ آصف

سیالکوٹ: سابق وفاقی وزیر دفاع اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ چودہ ماہ کی حکومت میں ہر روز لگتا تھا کہ اقتدار ختم ہوجائے گا، نواز شریف کی وطن واپسی سے مہنگائی آہستہ آہستہ کم ہوگی۔

سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ قائد کی واپسی میں چند روز رہ گے ہیں، نواز شریف کی محبت کا جذبہ زندہ تھا اور زندہ رہے گا۔ قائد کی جلاوطنی کارکنوں کے دلوں میں محبت کم نہ کر سکی۔

انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف کا دور ہو یا 2018 کا الیکشن ہو ہم پر عوام نے ہر بار بھروسہ کیا ہے، 2018 کے الیکشن میں ووٹ کے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا۔ شیر کی واپسی اس بات کی گواہی ہے کہ اللہ کا فضل نواز شریف کے ساتھ ہے،دنیا کی تاریخ میں ایسی مثال نہیں ملتی کہ ایک شخص کو سازشیں کر کے تین دفعہ وزارت عظمی سے ہٹا گیا اس سازش میں سب شامل تھے مگر کوئی بھی سازش عوام کی محبت کو کمزور نہ کر سکی۔

اُن کا کہنا تھا کہ چار پانچ سالوں میں نواز شریف کے کارکنوں پر ظلم و جبر کیا گیا مگر کارکن وفا کا پیکر بن کر کھڑے رہے مگر اس مشکل وقت سے عوام کو اب نجات ملے گی، ایسے سفر کا آغاز کریں جو خوشحالی کی منزل کی جانب ہو گا۔ میں آج کوئی اختلافی بات نہیں کرنا چاہتا جس سے کشیدگی پیدا ہو مگر یہ حقیقت ہے کہ اس ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہم ووٹوں کے ساتھ اقتدار میں آئے لیکن سازشیں جاری رہیں، ہم نے ان سازشوں کا اسمبلیوں اور گلی محلوں میں مقابلہ کیا، وطن عزیز کے ساتھ 75 سالوں میں جو کچھ ہوا وہ قابل فخر بات نہیں، آج جن حالات میں کھڑے ہیں ان میں اشرافیہ کا حصہ ہے،  ایک ادارہ ایسا ہے جس کے متعلق کہا جاتا ہے کہ وہاں انصاف کا بول بالا ہوتا رہے تو کوئی کچھ نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمارے مسائل میں جہاں سب نے حصہ ڈالا ہے جتنا عدلیہ نے ڈالا ہے اتنا کسی نے نہیں ڈالا، عدلیہ نے نیا سفر شروع کیا ہے اس میں انصاف بھی نظر آرہا ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ تمام کارکن اکیس اکتوبر کو قائد کے استقبال کے لئے لاہور پہنچیں، نواز شریف ووٹ کی عزت کو بحال کر کے چوتھی دفعہ وزیر اعظم بنے گا، 2018کے الیکشن میں ووٹ کی عزت کو پامال کیا گیا مگر اب نواز شریف وزیر اعظم بن کر ووٹ کی عزت کو بحال کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایک بدعنوان حکومت جو چور دروازے سے اقتدار میں آئی اسے ہٹایا گیا، پھر شہباز شریف نے چودہ ماہ جو حکومت کی اسکا میں شاہد ہوں، اس دور اقتدار میں ایسا لگتا تھا کہ آج حکومت گئی۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ مہنگائی عروج پر ہے لیکن نواز شریف واپس آکر اس میں کمی کرے گا اور آہستہ آہستہ بہتری آئے گی نواز شریف کی واپسی سے معشیت میں بہتری آئے گی، اس ملک میں نواز شریف نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا ۔ مجھے یقین ہے جس سفر کا آغاز کیا ہے اسکی قیادت نواز شریف سنبھالیں گے وہ منزل پر ضرور پہنچے گا، ایسے حکمران نہ ہوں جو ذاتی مفاد کا تحفظ کرتے ہیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain