تائپی: تائیوان میں ایک عجیب و غریب طبی معاملہ آیا جس میں ایک خاتون کو اس وقت شدید دھچکا لھا جب ڈاکٹروں نے ان کے بائیں کان کی نالی میں تقریباً 0.1 انچ لمبی مکڑی دریافت کی۔
خاتون کافی عرصے سے درد میں مبتلا تھیں اور انیہں کانوں میں سرسراہٹ اور آوازیں سنائی دیتی تھی جس کی وجہ سے ان کا رات کو سونا بھی مشکل ہوگیا تھا۔ معائنے میں ڈاکٹروں کو پہلی نظر میں ایسا لگا کہ خاتون کے کان میں دو مکڑیاں گھوم رہی ہیں۔
گہرائی سے معائنے پر پتہ چلا کہ مکڑی ایک ہی تھی تاہم جو دوسری شے تھی وہ اس کے جسم کا بیرونی خول تھا یعنی exoskeleton ۔
64 سالہ خاتون نے اپنے بائیں کان میں عجیب و غریب آوازیں سننے کے چار دن بعد تائیوان کے تائینان میونسپل اسپتال میں کان، ناک اور گلے کے کلینک کا دورہ کیا۔
خاتون نے بتایا کہ پہلے پہل وہ عجیب احساس سے بیدار ہوئیں کہ ان کے کان کے اندر کوئی مخلوق حرکت کر رہی ہے۔ اس کے بعد انہیں مسلسل سرسراہٹ کی آوازیں سنائی دینے لگیں جو بہت تکلیف دہ تھیں کہ انہیں سونے کے لیے جدوجہد کرنا پڑتی تھی۔
ڈاکٹروں نے کامیاب علاج کرتے ہوئے مکڑی کو متاثرہ خاتون کے کان سے نکال لیا۔ دی نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن میں اس کیس کا حوالہ دیا گیا تاہم اس میں مکڑی کی اس نوع کو نوٹ نہیں کیا گیا اور نہ ہی یہ بتایا گیا کہ یہ عورت کے کان میں کیسے داخل ہو سکتی ہے۔ اگرچہ یہ واقعات شاذ و نادر ہی ہوتے ہیں لیکن لوگوں کے کانوں میں مکڑیوں اور دیگر حشرات کے رینگنے کے متعدد کیسز سامنے آچکے ہیں۔