نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں پولیو کی روک تھام پر گفتگو کی گئی۔
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو آج شام بل گیٹس کی کال موصول ہوئی، اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
یاد رہے کہ نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اس وقت متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سرکاری دورے پر ہیں۔
ٹیلی فون کال کے دوران نگراں وزیراعظم اور بل گیٹس نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ہونے والی اپنی ملاقات کا ذکر کیا۔
انوار الحق کاکڑ نے پاکستان کو پولیو سے محفوظ ملک بنانے کی حکومت کی کوششوں میں گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون کو سراہا۔
انہوں نے ملک کو پولیو وائرس سے نجات دلانے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
اس سلسلے میں نگراں وزیراعظم نے بل گیٹس کو پاکستان بھر میں جاری پولیو ویکسینیشن مہم کے بارے میں آگاہ کیا جبکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان غذائی قلت کے مسائل اور میٹرنل ہیلتھ کے موضوعات پر بھی گفتگو ہوئی۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے حکومت اور بی ایم جی ایف کے درمیان بہترین تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ حکومت پاکستان ایک صحت مند اور محفوظ پاکستان کے لیے پرعزم ہے اور اس کوشش میں بی ایم جی ایف جیسے قابل اعتماد شراکت داروں کی مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں۔
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سرکاری دورے پر کویت روانہ
دوسری جانب نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا دورہ مکمل کویت کے سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے۔
نگراں وزیراعظم ابوظہبی کے البطین ہوائی اڈے سے کویت سٹی کے لیے روانہ ہوئے، یو اے ای کے وزیر توانائی سہیل محمد المزروعی اور پاکستانی سفارتی عملے نے انوار الحق کاکڑ کو رخصت کیا۔
دورے کے دوران نگراں وزیرِاعظم کویت کے ولی عہد شيخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور وزیرِاعظم شيخ احمد النواف الاحمد الصباح سے ملاقات کریں گے۔
نگراں وزیراعظم کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی و معاشی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگا اور مختلف شعبوں جن میں افرادی قوت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات و کان کنی، غذائی تحفظ، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں باہمی تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔
نگراں وزیراعظم کا ابوظہبی میں شیخ زائد گرینڈ مسجد کا دورہ
ادھر نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ابوظہبی میں شیخ زائد گرینڈ مسجد کا دورہ کیا اور کہا کہ شیخ زاید کے پاکستان کی قیادت اورعوام کے ساتھ انتہائی قریبی تعلقات تھے۔
نگراں وزیراعظم نے آج ابوظہبی میں شیخ زاید گرینڈ مسجد کا دورہ کیا اور مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ شیخ زاید کے پاکستان کی قیادت اور عوام کے ساتھ انتہائی قریبی تعلقات تھے۔
نگراں وزیراعظم نے مزید کہا کہ شیخ زاید مسجد کا عظیم پیغام باہمی، رواداری کے لیے کشادہ دلی کے تصورات کو اجاگر کرتا ہے، یہ پیغام متحدہ عرب امارات کے بانی کی شاندار میراث سے متاثر ہے۔
نگراں وزیراعظم کو اسلامی ثقافت کے حقیقی جوہر کو اجاگر کرنے میں مسجد کے اہم کردار کے بارے میں بتایا گیا، شیخ زید گرینڈ مسجد جدید اسلامی فن تعمیر کا ایک شاہکارنمونہ ہے، جس میں 40 ہزار سے زائد نمازیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، شیخ زید مسجد متحدہ عرب امارات کی سب سے بڑی اور دنیا کی تیسری بڑی مسجد ہے۔
واضح رہے کہ مسجد کے دورے کے دوران نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمزی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔