پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے خیبرپختونخوا کو شناخت دلوائی۔
لوئر دیر میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو ووٹ کی طاقت دلوائی، ایک نہتی لڑکی نے عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کی، ایک نہتی لڑکی نے آمروں کا مقابلہ کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) جیسا انقلابی پروگرام متعارف کرایا، قائد عوام ملک کے غریب طبقے کے نمائندے تھے، آصف زرداری نے سی پیک کی بنیاد رکھی۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاست میں پرانا طریقہ چلتا آرہا ہے، پاکستان میں نفرت اور تقسیم کی پرانی سیاست کی جارہی ہے، ایک جماعت کا ارادہ ہے کہ الیکشن جیت کر انتقام لے، ایک جماعت کا ارادہ ہے کہ الیکشن جیت کر انتقام لے سکے، یہ سیاسی اختلاف کے بجائے ذاتی دشمنی پر اتر آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رائیونڈ کا وزیراعظم کوشش کر رہا ہے کہ اسے چوتھی بار سلیکٹ کیاجائے، جو وزیراعظم 3 بار فیل ہوا، اسے چوتھی بار وزیراعظم کون مانےگا؟ زمان پارک کے وزیراعظم نے عوام سے جھوٹے وعدے کیے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ زمان پارک کے وزیراعظم کے دور میں انتقامی سیاست عروج پر تھی۔
سابق وزیرخارجہ نے کہا کہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کرنا ہوگا۔