دہشت گردی پر تمام سیاسی جماعتوں، پارلیمان کو آن بورڈ لیا جائے: بلاول بھٹو

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ الیکشن میں تاخیر یا جلد الیکشن دونوں صورت میں سپورٹ نہیں کریں گے، الیکشن مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سی ای سی نے فیصلہ کیا ہے تمام جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر کام اور کوڈ آف کنڈکٹ سٹیبلش کیا جائے، کوڈ آف کنڈکٹ کے دائرے میں رہ کر جماعتیں الیکشن کمپین چلائیں، ہر جگہ تقسیم نظر آ رہی ہے، اب وعدہ کیا گیا ہے اس کو عملی شکل دینی ہے، پارلیمان کی سپرمیسی کیلئے بہتری لائیں گے، سٹیبلشمنٹ کا سیاست میں مداخلت نہ کرنے کے بیان کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں اس وقت پاکستان میں سب سے بڑا خطرہ نفرت، تقسیم کی سیاست سے ہے، نفرت کی سیاست معاشرے، سیاست اور جمہوریت کیلئے خطرہ ہے، دہشت گردی کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں، پارلیمان کو آن بورڈ لیا جائے، نیا کوڈ آف کنڈکٹ بنانے کیلئے پیپلز پارٹی ایک کمیٹی بنائے گی، اگر ملک میں واقعی سیاسی استحکام دیکھنا چاہتے ہیں تو کوڈ آف کنڈکٹ پر کام کرنا ہوگا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کے حوالے سے ہماری کلیئر پالیسی ہے، دہشت گرد، انتہا پسند پاکستان، انسانیت کے دشمن ہیں، انتہا پسند ہمارے مذہب اسلام کے بھی دشمن ہیں، خان صاحب کی پالیسی کی سخت مخالفت کرتے ہیں، عمران خان دہشت گردوں کا فرنٹ مین ہے، اس نے ایسے اقدامات اٹھائے جو نیشنل سکیورٹی کے خلاف ہیں۔
انہوں نے کہا عمران خان نے سب سے پہلے سانحہ اے پی ایس کے مجرم کو چھوڑا اور ملک کے باہر بھیجا، افغانستان کے جیل کے قیدیوں کو بھی پاکستان میں رہنے کی دعوت دی گئی، اس کے نیتجے میں آج ہمیں پھر دہشت گردی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ہم نے پہلے بھی انتہا پسند، دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، دھمکیاں اپنی جگہ میں ان کو دہشت گرد کہتا ہوں ان کو انسان نہیں مانتا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ گزشتہ سی ای سی میں سلیکٹڈ کو خدا حافظ کہنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، آج میں نے سی ای سی کو مبارکباد دی، سلیکٹڈ کو عدم اعتماد کے ذریعے گھر بھیجنا تاریخی کامیابی ہے، سلیکٹڈ کو گھر بھیجنے میں پیپلز پارٹی کا صف اول کا کردار ہے، اکانومی کے حوالے سے نوید قمر کی سربراہی میں کمیٹی بنا رہے ہیں، ہم مل کر اکانومی کے حوالے سے حل نکالیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن اپنے وقت پر ہونے چاہئیں، اگر کسی کی الیکشن میں تاخیر کی غلط فہمی ہے تو دور کرنی چاہیے، ہمارا تاریخی موقف ہے الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے، لوکل باڈی ہو یا جنرل الیکشن اپنے وقت پر ہونے چاہئیں، آئین کی گولڈن جوبلی کے حوالے سے سیمنار منعقد کیے جائیں گے، آئین کی بحالی کیلئے بہت قربانیاں دی گئیں، محترمہ شہید نے30 سال جدوجہد کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ افسوس ہے ہم آج تک قائد ذوالفقارعلی بھٹو کو انصاف نہیں دلوا سکے، ہم عوامی جماعت ہیں کارکنوں کو کیا جواب دوں؟، آئین وجمہوریت کے بانی کو انصاف نہیں دلوا سکے، اگر بھٹو کو انصاف نہیں دے سکتے تو پھر کس کو انصاف دو گے، جوڈیشل ریفرنس عدالت میں 12 سال سے پنڈنگ ہے فوری سنا جائے۔

پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر مزید کم ہوگئے، اسٹیٹ بینک نے رپورٹ جاری کردی

کراچی: (ویب ڈیسک) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملکی زرمبادلہ ذخائر کے اعداد و شمار جاری کردیے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے ذخائر دسمبر کے آخری کاروباری ہفتے میں 28.47 کروڑ ڈالر کم ہوئے۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 30 دسمبر2022 تک 11.42 ارب ڈالر رہے۔
اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق اسٹیٹ بینک کے ذخائر 24.54 کروڑ ڈالر کم ہو کر 5.57 ارب ڈالر ہوگئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ دسمبر 2021 کے اختتام پر ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 23.88 ارب ڈالر تھے، دسمبر 2022 میں ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 11.42 ارب ڈالر رہے۔ ایک سال میں ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 12.46 ارب ڈالر کم ہوئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے ذخائر سال 2022 میں 12.10 کروڑ ڈالر کم ہوئے، اسٹیٹ بینک کے ذخائر سال 2021 کے اختتام پر 17.68 ارب ڈالر تھے، اسٹیٹ بینک کے ذخائر سال 2022 کی پہلی سہ ماہی میں 6.26 ارب ڈالرکم ہوئے، دوسری سہ ماہی میں 1.60 ارب ڈالرکم ہوئے، تیسری سہ ماہی میں 1.93 ارب ڈالر اور چوتھی سہ ماہی میں 2.30 ارب ڈالرکم ہوئے۔

معروف گلوکارہ کی بلی 22 ارب روپے سے زیادہ کی مالک

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا کے تیسرا امیر ترین پالتو جانور کا اعزاز ٹیلر سوئفٹ کی بلی اولیویا بینسن نے حاصل کرلیا ہے۔
آل اباؤٹ کیٹس ڈاٹ نے ایک فہرست جاری کی ہے جس میں معروف پالتو جانوروں اور ان کے مالکان کے انسٹاگرام اکاؤنٹس کا تجزیہ کرکے تخمینہ لگایا گیا کہ ہر جانور فی انسٹاگرام پوسٹ پر کتنے روپے کما سکتا ہے۔
اولیویا بینسن کے معاملے میں انسٹاگرام سے باہر کی دنیا کے پراجیکٹس کو بھی مدنظر رکھا گیا اور تخمینہ لگایا گیا کہ یہ بلی 9 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز (22 ارب پاکستانی روپے سے زائد) کی مالک ہے۔
رپورٹ کے مطابق اولیویا نے انسٹاگرام سے باہر کی دنیا میں بے مثال کامیابی حاصل کی اور ٹیلر سوئفٹ کے ساتھ متعدد میوزک ویڈیوز کا حصہ بن کر دولت کمائی۔
یہ بلی متعدد اشتہارات کا حصہ بھی بنی ہے جبکہ سوشل میڈیا پر بہت مقبول ہے جہاں اس کے نام سے متعدد فین کلبز موجود ہیں۔
مگر اس فہرست میں نمبرون پوزیشن ایک جرمن شیپرڈ کتے Gunther VI کے نام رہی جو ایک 50 کروڑ ڈالرز مالیت کے ٹرسٹ سے مستفید ہورہا ہے۔

موسم گرما سے پہلے توانائی بچت منصوبہ ہر صورت مکمل کیا جائے، وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیر صدارت توانائی بچت پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں سولرائیزیشن منصوبے پر عملدرآمد سے متعلق ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا جس پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آئندہ موسمِ گرما سے پہلے یہ منصوبہ ہر صورت مکمل کیا جائے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ابتدائی مرحلے میں وفاقی سرکاری عمارتوں میں مجموعی طور پر 1000 میگاواٹ کے سولر پینل لگائے جائیں گے، پہلے مرحلے کی بِڈنگ کا عمل آئندہ ہفتے سے شروع ہو جائے گا، سولر پینلز کی پیداوار کیلئے پالیسی سازی کا عمل بھی حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے جبکہ سولر پینلز کی پیداوار سے وابستہ صنعتوں سے بھی مشاورت مکمل کر لی گئی ہے۔
اجلاس میں الیکٹرانک موٹر سائیکلوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ای بائیکس کی پیداوار بڑھانے کیلئے بھی صنعتوں کو اعتماد میں لے کر ایک جامع پالیسی بنائی جار رہی ہے، گیس کی بچت کیلئے تمام نئے گیس گیزرز کی پیداوار کونیکل بیفلز کے ساتھ کی جائے گی۔
اجلاس میں زیادہ بجلی کی کھپت والے فلامنٹ اور غیر معیاری پرانے برقی بلبز پر بھی بریفنگ دی گئی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ اسٹاک کی کھپت کے بعد ان کی پیداوار کی مزید اجازت نہیں دی جائے گی، بلکہ اس کے برعکس موجودہ کارخانوں کو کم بجلی کی کھپت والے نئی ٹیکنالوجی کے بلب بنانے پر منتقل کیا جائے گا، زیادہ بجلی کی کھپت والے پنکھوں کے کارخانوں کو بھی جلد نئی ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے گا، موجودہ پنکھوں کو تبدیل کرنے کیلئے ایک جامع لائحہ عمل بھی تشکیل دے دیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اہم ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں مقامی سطح پر سولر پینل بنانے کیلئے پالیسی کو ترجیحی بنیادوں پر حتمی شکل دی جائے، سرکاری عمارتوں میں ہزار میگاواٹ کے منصوبے کو معینہ مدت میں مکمل کیا جائے اور رواں سال کے اختتام پر ملک میں صرف الیکٹرانک موٹر سائیکلوں کی پیداوار کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات پر عملدرآمد کیا جائے۔
انہوں نے واضح ہدایت دی کہ آئندہ موسمِ گرما سے پہلے یہ منصوبہ ہر صورت مکمل کیا جائے، 10 ہزار میگاواٹ شمسی توانائی کے منصوبوں پر عملدرآمد میں کسی قسم کا تعطل یا غفلت قبول نہیں کی جائے گی۔
وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ توانائی کی بچت ایک قومی فریضہ ہے اور ہمیں اس پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے، حکومت ملک و قوم کے پیسے کی بچت کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔

روسی صدر یوکرین میں یک طرفہ جنگ بندی کا اعلان کریں: طیب اردگان

انقرہ: (ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردگان نے روسی ہم منصب ولادی میرپیوٹن پرزور دیا ہے کہ وہ یوکرین میں’’یک طرفہ‘‘جنگ بندی کا اعلان کریں۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ترک صدر کے دفتر کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ صدر طیب اردگان نے اپنے روسی ہم منصب سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امن اورمذاکرات کے مطالبات کی حمایت یک طرفہ جنگ بندی اور منصفانہ حل کے ویژن کے ذریعے کی جاناچاہیے۔
طیب اردگان نے ماسکو اور کیف دونوں کے ساتھ اپنے اچھے تعلقات کو جنگ کے خاتمے کے لیے استعمال کیا ہے اورانھوں نے دونوں متحارب ممالک کے درمیان جنگ بندی کے لیے ثالثی کی پیش کش کی ہے۔
ترکیہ نے روس اوریوکرین کے درمیان امن مذاکرات کے دو ابتدائی ادوارکی میزبانی کی اور بحیرہ اسود کے پار یوکرین کے اناج کی برآمدات کی بحالی کے لیے اقوام متحدہ کےحمایت یافتہ معاہدے پر دست خط میں مدد کی تھی۔
ترک صدر نے روس پرمغربی پابندیوں میں شامل ہونے سے انکارکیا ہے اوروہ جنگ کے دوران میں دوطرفہ تجارت کو بڑھا کر صدرپیوٹن کے ساتھ اچھے تعلقات برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔

کراچی: بلدیاتی انتخابات کی منسوخی، جماعت اسلامی کا وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا

کراچی: (ویب ڈیسک) بلدیاتی انتخابات کے فوری انعقاد کے لئے جماعت اسلامی نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنے کا اعلان کیا جس کے بعد کارکنان نے پریس کلب سے وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب مارچ شروع کر دیا ہے۔
جماعت اسلامی کے رہنما حافظ نعیم الرحمن بھی کراچی پریس کلب پہنچ گئے، مظاہرین کراچی پریس کلب سے مارچ کا آغاز کر رہے ہیں، پولیس مظاہرین کو روکنے میں ناکام مظاہرہن رکاوٹیں توڑ کر باہر سڑک پر آگئے۔
اسسٹنٹ کمشنر ساؤتھ عبدالحنان مظاہرین سے مذاکرات کے لئے پہنچ چکے ہیں، کارکنان کو روکنے کے لئے ریڈ زون اور اطراف میں بھاری سکیورٹی تعینات کر دی گئی ہے جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ جانے والے ڈاکٹر ضیاالدین احمد روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ایم ٹی خان روڈ سے آنے والے ٹریفک کو بوٹ بیسن بھیجا جا رہا ہے، وزیر اعلٰی ہاؤس جانے والی سڑک کو رکاوٹیں لگا کر بند کیا گیا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ ہاؤس کے اطراف میں بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔

8 ضمنی الیکشن جیتنے کے بعد مجھے قتل کرنے کا پلان بنایا گیا: عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ قوم کے سامنے سوال رکھنا چاہتا ہوں، قاتلانہ حملہ کیوں ہوا اور پیچھے کیا محرکات تھے، جے آئی ٹی رپورٹ کی فائنڈنگ بھی سامنے رکھنا چاہتا ہوں، جے آئی ٹی میں کافی چیزیں سامنے آئی ہیں، 11 میں سے 8 ضمنی الیکشن جیتے تو پھر مجھے مارنے کا پلان بنایا گیا۔
لاہور میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مجھے پتا تھا کس نے یہ ویڈیو بنائی، ویڈیو میں کہا گیا عمران خان نے توہین رسالت کر دی، میاں جاوید لطیف نے 14 ستمبر کو پریس کانفرنس کی، میاں جاوید لطیف نے کہا عمران خان نے بڑا ظلم کر دیا اب لوگوں میں بڑا غصہ ہے، مریم نواز کو بھی جوش آگیا 15 ستمبر کو اس نے پریس کانفرنس کر دی، رانا ثنا اللہ بہت بڑا دینی آدمی اس نے بھی پریس کانفرنس کر دی۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ ایک اور بڑا دینی آدمی خواجہ آصف بھی 10 اکتوبر کو پریس کانفرنس کرتا ہے، خواجہ آصف کہتا ہے قوم کو عمران خان کو معاف نہیں کرنا چاہیے، چار دن پی ٹی وی کو حکم ملا عمران خان کے خلاف پوری کمپین چلائیں، یہ بتانا چاہتے تھے کہ دینی انتہا پسند نےایسا قتل کیا، میں نے اپنے قتل کے حوالے سے ویڈیو بھی بنا دی تھی، سلمان تاثیر قتل ٹائپ کرنے کا پلان بی بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 30 سال سے یہ دونوں جماعتیں اقتدار میں ہیں، کبھی ان جماعتوں نے بیرون ملک جا کر دین کا نام لیا ہے، دونوں جماعتوں کے سربراہ مغرب میں جا کر ہمیشہ ان کو خوش کرتے تھے، مجھے فخر ہے واحد لیڈر ہوں جس نے اسلام کا مقدمہ لڑا، ہر انٹرنیشنل فورم میں اسلاموفوبیا کا معاملہ اٹھایا، چیلنج کرتا ہوں واحد پاکستان کا وزیراعظم ہوں جس نے دنیا میں اسلام کا مقدمہ لڑا، میں نے کسی کوخوش کرنے کیلئے مقدمہ نہیں لڑا میرے ایمان کا حصہ ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا میں مسلمانوں کے ساتھ برا سلوک کیا جاتا ہے، توہین مذمب پر دنیا کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں، رانا ثنا بدمعاش ہے سارا فیصل آباد جانتا ہے، ان کا سارا پلان ایک سکرپٹ کے مطابق چل رہا تھا، مجھے ایجنسیز کے اندر سے پلان بارے بتا دیا گیا تھا، میں نے دو جلسوں میں ان کے پلان کا ذکر کر دیا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ بدقسمتی سے دو، تین لوگوں کی یہ سازش تھی، مجھے پتا ہے افواج روزانہ دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دے رہی ہے، ہمیں اپنی سکیورٹی فورسز پر اعتماد ہے، میں چاہتا ہوں اب جے آئی ٹی میں تعاون کیا جائے، ان کے خلاف ایکشن لیا جائے، چیف جسٹس سپریم کورٹ سے اپیل کرتا ہوں آپ سے صرف انصاف کی توقع ہے، چیف جسٹس صاحب کی سربراہی میں انکوائری ہو گی تب ہی مجھے انصاف مل سکتا ہے، جس طرح ہر جگہ رکاوٹیں ہو رہی ہیں مجھے انصاف کی توقع نہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے، اگر ملک کی سب سے بڑی پارٹی کے سربراہ کو قتل کرا دیتے ہیں تو کیا یہ پاکستان کی بہتری ہوگی؟ مجھے بڑے افسوس سے کہنا پڑتا ہے تین ماہ سے ایک کمرے میں بند ہوں اور یہ کیسا مائنڈ سیٹ ہے جو اپنے ملک کو نقصان پہنچا سکتا ہے، ایسا تو دشمنوں کا پلان ہو سکتا ہے، واضح ہو گیا نوید کو تیار کر کے بھیجا گیا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ وزیرآباد میں نوید نے پسٹل سے رپیڈ فائر کیا، پسٹل سے سنگل فائر بھی کرتے ہیں تو اوپر چلا جاتا ہے، اللہ نے مجھے بچانا تھا ابتسام ہیرو آگیا، ابتسام نے ہاتھ اوپر کیا تو نوید کا ہاتھ اوپر چلا گیا اورگولیاں کہیں اور سے بھی آئیں، میں ابھی ہسپتال پہنچا نہیں تو ملزم نوید کا ریکارڈ بیان سامنے آ جاتا ہے، نوید طوطے نے بیان کہا میں اکیلا تھا، نوید کو جو پڑھایا گیا اس نے وہ کہا، نوید کا پہلا بیان بڑا مزے دار ہے، ڈی پی او گجرات نے اپنے فون سے نوید کا بیان ریکارڈ کیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ نوید نے کہا پسٹل چلانے کی کوئی ٹریننگ نہیں تھی، پولی گرافک ٹیسٹ میں ثابت ہو گیا وہ جھوٹ بول رہا تھا، تین شوٹر کا مطلب پلان کر کے قتل کرنا تھا، نوید بھی خواجہ آصف کی طرح کوئی دینی آدمی نہیں تھا، ایف آئی آر سے کون پاور تھی جس نے روکا، ڈی پی او گجرات کو کس نے کہا تھا عمران کے مخالف صحافیوں کو پہلے ویڈیو جاری کرو، سی ٹی ڈی کو دوبارہ ویڈیو بنانے کا کس نے کہا تھا؟، سی ٹی ڈی نے پیچھے بیک گراؤنڈ کیوں تبدیل کیا؟، جے آئی ٹی رپورٹ ہمارے مخالف اینکر کو کس نے پہنچائی؟، اس اینکر کو رپورٹ پہنچائی گئی جو ہمارے مخالف بولتا ہے، پولی گرافک ٹیسٹ میں نوید کا بیان جھوٹ نکلا
انہوں نے مزید کہا کہ جےآئی ٹی کی فائنڈنگ کے مطابق ایک نہیں تین شوٹر تھے، اوپر سے فائرنگ ہوئی میں نے بھی یہی کہا تھا کہ اوپر سے بھی فائرنگ ہوئی ہے، معظم کی ویڈیو دیکھیں جیسے وہ نوید کے سامنے آتا ہے تو اس کو دور سے گولی ماری گئی، یہ لیاقت علی خان والا حادثہ بنانا تھا کہ ایک آدمی تھا، شوٹر نے نوید کو گولی مارنا تھی آگے معظم آگیا، ایف آئی آر نہ کرا سکے اس کے بعد جے آئی ٹی بنی۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ جے آئی ٹی نے نوید کے فرانزک کا آرڈر دیا تو ادارے نے ڈیٹا دینے سے انکار کر دیا کیا وجہ ہے؟، ملک کے سربراہ کو قتل کرنے کی سازش اور کوئی وفاقی ادارہ مدد نہیں کر رہا، پنجاب کے ادارے بھی تعاون نہیں کر رہے، سوال یہ ہے کون کون لوگ ملوث ہیں، مجھے پتا ہے کون کون ملوث ہیں، قوم کیلئے سوال چھوڑرہا ہوں، اگر میرے ساتھ ایسا ہو سکتا ہے تو باقی عوام کی کیا حیثیت رہ گئی، واضح ہو جانا چاہیے پاکستان میں جنگل کا قانون ہے۔
عمران خان نے کہا کہ جب جے آئی ٹی نے ڈی پی او سے موبائل فون مانگا تو اسے نے تعاون سے انکار کردیا، ہماری حکومت میں ڈی پی او گجرات انکار کر رہا ہے، اب عدالت کے ذریعے ڈی پی او کو بلایا جائے گا، نوید کو 8 گھنٹے سی ٹی ڈی نے اٹھایا اور ایک اور ویڈیو جاری کر دی، سی ٹی ڈی کا کیا کام ہے دوبارہ ویڈیو ریکارڈ کرے، سی ٹی ڈی نے بھی جے آئی ٹی میں آنے سے انکار کر دیا، کون ان کو روک رہا تھا؟۔
انہوں نے مزید ڈی پی اوگجرات کی نوید کی ویڈیو ریکارڈ کرنے کی ویڈیو بھی دکھا دی جب ہسپتال پہنچا تو میں نے تین لوگوں کے ملوث ہونے کے نام دیئے، گولیاں مجھے لگیں جن پر مجھے شک ہے ان کے نام دینا میرا حق ہے، میرا پہلا سوال، کون تفتیش سے ڈر رہا تھا؟، پنجاب میں ہماری حکومت، ایف آئی آر سے کون طاقت روک رہی تھی؟۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ جب پتا چل گیا کہ عوام میرے ساتھ کھڑی ہے تو چوروں کے ساتھ کھڑے ہو کر مجھے راستے سے ہٹانے کی کوشش کی گئی، حکومت ختم ہونےکے بعد میں نے تو الیکشن اناؤنس کر دیئے تھے، رجیم چینج کرنے والوں نے غلطی سے سیکھنے کے بجائے الٹا ظلم شروع کر دیا، 25 مئی کو ظلم اور تشدد کیا گیا، چادراور چاردیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا، 70 سالہ خاتون ورکرز کو گھسیٹ کر پولیس سٹیشن لیکر گئے، مجھے ابھی تک سمجھ نہیں آئی عوام کی آواز سننے کے بجائے بھیڑ، بکریوں کی طرح مارا گیا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں بھی قوم نے پیغام دے دیا تھا، قوم کی آواز سننے کے بجائے طاقت کا استعمال کیا گیا، میرے خلاف اتنے کیسز بنائے گئے یاد بھی نہیں کتنے کیسز ہیں، عوام کو سمجھ آگئی تھی کیا گیم ہوئی تھی، جرائم پیشہ ڈاکوؤں کو قوم پر مسلط کر دیا گیا، رجیم چینج کے سہولت کار میر جعفر اور غدار تھے، کوئی بھی یہ نہیں سمجھ رہا تھا کہ لوگ باہرنکلیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 9 اپریل کو حکومت گرا دی گئی، 10 اپریل کو پہلی دفعہ لاکھوں لوگ سڑکوں پر آگئے، لاکھوں لوگوں نے امپورٹڈ حکومت نامنظور کے نعرے لگائے، سب سے پہلے رجیم چینج کی پوری سازش ہوئی، مجھے پتا ہے اس سازش میں کون کون ملوث تھا، ایک آدمی نے گورنمنٹ گرانے کا حکم دیا اور کیسے لوگوں کو خریدا گیا۔

ملک بھر میں زلزلے کے شدید جھٹکے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ملک بھر میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفتروں سے باہر نکل آئے۔

ڈیفنس کراچی میں پولیس اہلکارکو قتل کرنیوالا ملزم اشتہاری قرار

کراچی: (ویب ڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت نےکراچی کے علاقے ڈیفنس فیزفائیو میں پولیس کی شاہین فورس کے اہلکار عبدالرحمان کے قتل کےکیس میں مفرور ملزم خرم نثارکو اشتہاری مجرم قرار دے دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں ڈیفنس میں شاہین فورس کے اہلکار کے قتل کیس کی سماعت ہوئی۔
کیس کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مرکزی ملزم خرم نثار سوئیڈن فرار ہوچکا ہے، ملزم گرفتار نہیں ہوسکا،لہٰذا ملزم کو اشتہاری قرار دینےکی کارروائی شروع کرنےکی اجازت دی جائے۔
عدالت نے مفرور ملزم خرم نثار کو اشتہاری قرار دینےکی کارروائی شروع کرنےکا حکم دے دیا۔
عدالت نےکہا کہ ملزم خرم نثار کی گرفتاری کے لیے اردو ، انگریزی اور سندھی اخبارات میں اشتہار شائع کرایا جائے۔
عدالت نے کیس کے تفتیشی افسر سے 16 جنوری کو رپورٹ طلب کرلی۔
پولیس کے مطابق 21 نومبر 2022 کی رات ملزم خرم نثار کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل عبد الرحمان ہلاک ہوگیا تھا،ملزم کے خلاف کلفٹن تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، کیس میں سہولت کاری کے الزام میں ملوث ملزمان عامر اور اورنگزیب ضمانت پر رہا ہیں۔

خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر محمد علی سیف کے وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر محمد علی سیف کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے۔
وارنٹ گرفتاری اسلام آباد کے سینیئر اسپیشل مجسٹریٹ سردار محمد آصف نے جاری کیے ہیں۔ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) قوانین کی خلاف ورزی پر طلبی کے باوجود حاضر نہ ہونے پر بیرسٹر سیف کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے۔
سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ محمد علی سیف نےسی ڈی اے کے زون 3 نیشنل پارک ایریا پر تعمیرات کیں۔
بیرسٹر محمد علی سیف کے وارنٹ گرفتاری ایس ایچ او تھانہ بھارہ کہو کو ارسال کردیے گئے ہیں۔ عدالت نے اسلام آباد پولیس کو حکم دیا ہے کہ بیرسٹر سیف کو 11 جنوری کو گرفتار کرکے پیش کرے۔
بیرسٹر سیف کے خلاف مارگلہ کی پہاڑیوں پر قدرتی حسن تباہ کرنے پر 2018ء سے مقدمہ زیر سماعت ہے، ان کے خلاف لینڈ اسکیپ آرڈیننس، انوائرمنٹل ریگولیشن 2008ء اورایم ایل آر 82 کے تحت مقدمہ درج ہے۔
بیرسٹر محمد علی سیف کو 8فروری 2018 کو سی ڈی اے مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہونے کا کہا گیا تھا۔
بیرسٹر سیف پر شاہدرہ میں ملکیتی زمین پر ٹریکٹر بلیڈ لگا کر زمین ہموار کرنے کا بھی الزام ہے۔ محمد علی سیف پر زمین پر ٹریکٹر بلیڈ لگا کر اسلام آباد کا قدرتی حسن خراب کرنے کا الزام ہے۔
بیرسٹر محمد علی سیف پر باربار روکے جانے کے باوجود کام جاری رکھنے کا بھی الزام ہے۔