کوئٹہ میں آٹا بحران شدید، 10 روز میں 20 کلو کا تھیلا 500 روپے مہنگا

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) کوئٹہ میں گندم وآٹے کا بحران دن بدن شدت اختیار کرنے لگا، 10 دن کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 500 روپے کا اضافہ ہو گیا۔
صوبہ بلوچستان میں سیلاب سے تباہی کے بعد آتے کی قلت نے نیا بحران جنم دے دیا، کوئٹہ میں گندم اور آٹا ناپید ہونے سے قیمتیں آسمان پر پہنچ چکی ہیں، شہر میں چکی آٹا کا 20 کلو کا تھیلا 2100 سے بڑھ کر 2600 روپے کا ہو گیا، فائن آٹا 20 کلو کا تھیلا 2300 سے بڑھ کر 2700 روپے کا ہو گیا۔
کوئٹہ میں 50 کلو فائن آٹے کی بوری کی قیمت 5500 سے بڑھ کر 6600 روپے ہو گئی، 100 کلو فائن آٹے کی بوری 11000 سے بڑھ کر 13200 روپے کی ہو گئی، گندم 50 کلو کی بوری اوپن مارکیٹ میں 5500 سے بڑھ کر 6000 روپے ہو گئی۔

پی ٹی آئی کی حکومت بنی تو آئی ایم ایف کے پاس تو جانا ہی پڑےگا: فواد چوہدری

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ پی ٹی آئی کی حکومت بنی تو آئی ایم ایف کے پاس تو جانا ہی پڑےگا۔
ایک انٹرویو میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس 11 کے بجائے 9 جنوری کو اس لیے بلایا گیا ہےکہ اعتماد کا ووٹ لےکر عدالت جائیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اعتماد کا ووٹ لینےکے بعد اسمبلی توڑنےکا مرحلہ آئےگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت بنی تو آئی ایم ایف کے پاس تو جانا ہی پڑےگا۔
خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس 9 جنوری کو طلب کیا گیا ہے، اس سے قبل پنجاب اسمبلی کا اجلاس 11 جنوری کو طلب کیا گیا تھا اور اسی روز لاہور ہائی کورٹ میں وزیراعلیٰ پنجاب کو اعتمادکا ووٹ نہ لینے پر ڈی نوٹیفائی کیے جانے کے معاملے پرکیس کی سماعت بھی ہے۔

پوری کوشش کررہے افغان سرزمین پاکستان یاکسی بھی ملک کیخلاف استعمال نہ ہو: ذبیح اللہ

کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان میں طالبان حکومت کے مرکزی ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بار پھر پاک افغان تعلقات کے حوالے سے بیان جاری کیا ہے۔
ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق امارت اسلامیہ افغانستان پاکستان سمیت تمام پڑوسیوں کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتی ہے، حالیہ دنوں پاکستانی حکام کی جانب سےافغانستان کے خلاف دیے جانے والے بیانات قابل افسوس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری کوشش کررہے ہیں افغان سرزمین پاکستان یاکسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہ ہو، ہم اس مقصد کے لیے پوری طرح سنجیدہ ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ امارت اسلامی اپنے ملک کے اندر امن و استحکام کو اہمیت دیتی ہے، اسی طرح پورے خطے کیلئے امن اور استحکام چاہتی ہے اور اس سلسلے میں اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ افغانستان نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائی نہیں کی تو پاکستان افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی ٹھکانوں کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

انسانی سمگلنگ کی روک تھام، سعودی عرب اور اقوام متحدہ کے درمیان معاہدہ

جدہ: (ویب ڈیسک) سعودی انسانی حقوق کے کمیشن اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے منشیات و جرائم نے انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہونے والے معاہدے کے دوسرے مرحلے پر دستخط کر لیے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ معاہدہ کمیٹی برائے انسداد انسانی سمگلنگ کے قومی ایکشن پلان کے مقاصد کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔
سعودی انسانی حقوق کمیشن کی صدر ھلا التویجری نے کہا کہ انسانی سمگلنگ گھناؤنے جرائم میں سے ایک ہے جو انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرتا ہے اور افراد کو ان کی آزادی اور وقار سے محروم رکھتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب نے قوائد و ضوابط لاگو کر کے اور عالمی معاہدوں کے ذریعے ایک قانونی اور ادارہ جاتی فریم ورک تیار کیا ہے جو بغیر کسی امتیاز کے ہر ایک شخص کی حفاظت کو یقینی بناتا ہے اور متاثرہ افراد کی مدد کرتا ہے۔
اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات اور جرائم کے علاقائی نمائندے جج حاتم علی نے ممکت کے ساتھ ہونے والی شراکت داری کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس معاہدے کا مقصد موجودہ اشتراک کو آگے بڑھانا ہے اور ان جرائم کو قومی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر روکنا ہے۔

یوکرین کا فروری میں یورپی یونین کا سربراہی اجلاس بلانے کا اعلان

کیف: (ویب ڈیسک) یوکرینی صدر زیلنسکی کے دفتر نے اعلان کیا ہے کہ سیاسی سطح پر یورپی یونین اور یوکرین 3 فروری کو کیف میں ایک سربراہی اجلاس منعقد کریں گے جس میں مالی اور فوجی مدد پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ زیلنسکی نے اس سال اپنی پہلی فون کال میں یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وین ڈیر لاین کے ساتھ اس ملاقات کی تفصیلات پر تبادلہ خیال کیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں فریقوں نے اس سربراہی اجلاس کی تیاری کے کام کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔
دوسری جانب یوکرینی فوج کے جنرل سٹاف نے اعلان کیا ہے کہ اس نے 24 گھنٹوں کے اندر روسی افواج کے ٹھکانوں پر 13 میزائل اور توپ خانے سے حملے کیے ہیں۔ یوکرین کی فوج نے کہا ہے کہ اس نے ڈونیٹسک کے 15 علاقوں میں روسی دراندازی کو ناکام بنا دیا ہے۔
یوکرینی فوج نے روس پر الزام لگایا ہے کہ وہ کھیرسن میں دریائے دنیپرو کے دائیں کنارے میں آبادی والے علاقوں پر بمباری کر رہا ہے۔ یوکرینی فوج نے کہا کہ یوکرین بھر میں اہم بنیادی ڈھانچے پر روسی فضائی اور میزائل حملوں کا خطرہ بدستور موجود ہے۔

واٹس ایپ میں بہترین چیٹ فیچرز کا اضافہ کیے جانے کا امکان

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) واٹس ایپ کی جانب سے ممکنہ طور پر چیٹس کے لیے ایسے نئے فیچرز پر کام کیا جارہا ہے جن کا انتظار صارفین کافی عرصے سے کررہے ہیں۔
واٹس ایپ میں کافی عرصے سے چیٹس کو پن کرنے کا فیچر موجود ہے تاکہ اہم بات چیت تک فوری رسائی ممکن ہوسکے۔
مگر ابھی اس فیچر سے محض 3 چیٹس کو پن کیا جاسکتا ہے۔
WABetainfo کی رپورٹ کے مطابق متعدد صارفین کی درخواستوں کے بعد واٹس ایپ نے اس حد کو 3 سے بڑھا کر 5 کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس فیچر سے صارفین کو اپنی فیڈ کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
مگر رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ فی الحال یہ ایک کانسیپٹ ہے یعنی ابھی یہ کہنا ممکن نہیں کہ مستقبل قریب میں واٹس ایپ میں یہ فیچر متعارف کرایا جاتا ہے یا نہیں۔
رپورٹ میں ایک اور کانسیپٹ فیچر کے بارے میں بھی بتایا گیا جس کی مدد سے صارفین کسی چیٹ کے اندر مخصوص پیغامات کو پن کرسکیں گے۔
یعنی پن کیے گئے میسج چیٹ ونڈو میں سب سے اوپر نظر آئیں گے۔
یہ فیچر ان حالات میں کارآمد ثابت ہوگا جب کسی گروپ چیٹ میں بہت زیادہ میسجز بھیجے جاتے ہوں تو اہم پیغامات کو اس کی مدد سے دیکھنا ممکن ہوجائے گا۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ بھی کانسیپٹ فیچر ہے تو اسے متعارف کرانے کے بارے میں کچھ کہنا مشکل ہے۔

ملک بھر میں مرغی کے گوشت کی قیمتیں کیوں بڑھ رہی ہیں؟

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور اور کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔
لاہور میں ایک کلو مرغی کا گوشت 519 روپے اور کراچی میں 600 روپے سے زیادہ کا ہوگیا ہے۔
پولٹری ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سویابین امپورٹ نہ ہونے سے مرغی کا گوشت مہنگا ہو رہا ہے، سویابین کے جہاز 2 ماہ سے بندرگاہ پر رُکےہوئے ہیں مگر ایل سیز نہیں کھولی جارہیں۔
پولٹری ایسوسی ایشن نے جمعے کو اس معاملے پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

ملتان میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے سی ٹی ڈی کے دو افسران جاں بحق

ملتان: (ویب ڈیسک) ملتان میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے سی ٹی ڈی کے دو افسران جاں بحق ہوگئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کے دو افسران جاں بحق ہوئے ہیں۔
پہولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں محکمہ انسداد دہشتگردی کے ڈائریکٹر بھی شامل ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے انسپکٹر ناصر عباس بھی جاں بحق ہوئے، دونوں افسران ایک ہوٹل پر کھانا کھا رہے تھے جب دہشتگردوں نے انہیں نشانہ بنایا۔
ایڈیشنل آئی جی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ دہشت گردی کی کارروائی ہے۔

عمران خان حملہ کیس، دو ملزمان عدالت پیش، مزید جسمانی ریمانڈ دے دیا گیا

گوجرانوالہ: (ویب ڈیسک) وزیر آباد میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر فائرنگ کرنے والے ملزمان نوید اور وقاص کو انسدادِ دہشتگردی کی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔
دونوں ملزمان کو گوجرانوالہ کی خصوصی عدالت میں 10 روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر پیش کیا گیا، سماعت کے دوران خصوصی عدالت نے عمران خان پر قاتلانہ حملے کے ملزموں کا مزید جسمانی ریمانڈ دے دیا۔ ملزم نوید کا 6 روزہ جبکہ ملزم وقاص کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا گیا۔
خصوصی عدالت نے ملزمان کو 9 اور 17 جنوری 2023 کو دوبارہ پیش کرنے کا بھی حکم دیا، جے آئی ٹی نے ملزمان سے تفتیش کیلئے جسمانی ریمانڈ کی درخواست دی تھی، پراسیکیوٹر سلطان صلاح الدین نے سٹیٹ کی جانب سے دلائل دئیے، اس موقع پر عدالت کے باہر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات تھے۔

ن لیگ نے روپے کو مضبوط رکھنے کی مصنوعی کوشش کی: شوکت ترین

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی کے رہنما شوکت ترین نے کہا کہ کورونا کے دوران عمران خان نے لیڈر شپ دکھائی، ن لیگ نے روپے کو مضبوط رکھنے کی مصنوعی کوشش کی۔
اپنے ایک بیان میں سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ ڈالر ملنے سے ہماری گروتھ ہوتی تھی، سعودی عرب گئے تو پیسوں کی بات کرنے پر عمران خان کو تکلیف محسوس ہو رہی تھی، کووڈ میں عمران خان نے کہا اگر میں مکمل لاک ڈاؤن کروں گا تو دیہاڑی دار کا کیا بنے گا۔
شوکت ترین نے مزید کہا کہ میں نے آئی ایم ایف سے آسان پروگرام لیا، آئی ایم ایف کے ساتھ جب ہم سیاسی طور پر اچھے ہوتے ہیں تو ہمیں آسان پروگرام مل جاتا ہے، عمران خان صاحب کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلاتے۔