ڈیرہ مراد جمالی: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ چاروں صوبوں کے عوام اسلام آباد میں بیٹھے حکمران کے کردار سے خوش نہیں۔
بلوچستان کے شہر ڈیرہ مراد جمالی میں پیپلزپارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ایک شخص کو آپ نے تین بار وزیر اعظم بنایا ، آج اس شخص کو چوتھی بار مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، اگر اب یہ آپ کا وزیر اعظم بن گیا تو 5 سال بلوچستان میں ترقی نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ پہلی بار اس شخص کو مسلط کیا گیا تو اس نے بلوچستان کے عوام کے حق پر ڈاکا مارا، جب دوسری بار اس شخص کو مسلط کیا تو پھر بلوچستان کے عوام کے حق پر ڈاکا مارا، جب تیسری بار اس شخص کو مسلط کیا گیا تو پوچھیں کیا اس نے وفا کی؟،3 بار ناکام شخص کو چوتھی بار کس خوشی میں قبول کریں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بلوچستان کی سرزمین پر کھڑے ہو کر اسلام آباد کو پیغام پہنچانا چاہتا ہوں، چاروں صوبوں کے عوام اسلام آباد میں بیٹھے حکمران کے کردار سے خوش نہیں، پاکستان کے عوام کسی کے غلام نہیں، عوام کسی کے آگے نہیں جھکتے کسی سے ڈرتے نہیں، ہم اپنا حق چھینیں گے اور عوامی حکومت بنائیں گے۔