ہالی ووڈ اداکارآرنلڈ شیوازنیگر کو جرمنی کے میونخ ائرپورٹ پرایک قیمتی گھڑی کی موجودگی پرچند گھنٹے حراست میں رہنا پڑا۔
برطانوی اخبار دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق مشہور فلم سیریز ’ٹرمینیٹر‘ سے شہرت پانے والے اداکار آرنلڈ شیوازنیگر کے پاس ائر پورٹ پر 26 ہزار یورو (22 ہزار ڈالر) کی مالیت کی ایک قیمتی گھڑی تھی۔
ائرپورٹ انتظامیہ کے پوچھے گئے سوال پر ہالی ووڈ اداکار کا تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔ جس کے بعد آرنلڈ شیوارزنیگر کو لاس اینجلس سے میونخ پہنچنے کے بعد تین گھنٹے تک حراست میں رکھا گیا۔
رپورٹ کے مطابق جب ائرپورٹ پر اداکارکے سامان کی تلاشی لی تو اس میں سے مذکورہ گھڑی برآمد ہوئی، گھڑی کا ذکر انہوں نے کسٹم کے فارم میں نہیں کیا تھا۔
کسٹم آفس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’ہم نے ٹیکس کے حوالے سے کارروائی شروع کر دی ہے، اس گھڑی کو رجسٹرڈ کروایا جانا ضروری تھا کیونکہ وہ ملک میں لائی جانے والی ایک انتہائی اہم چیز ہے‘۔
آرنلڈ شیوازنیگر کے مطابق انہوں نے کسٹم حکام کو بتانے کی کوشش کی وہ گھڑی کو موسمیاتی تبدیلیوں سے بچاؤ کے لیے بطور عطیہ پیش کرنے جا رہے ہیں اوراس کو آج سکی ریزوٹ کٹزبوہیل پر ہونے والی نیلامی میں شامل کیا جائے گا۔
پیدائشی طور پرآسٹریا سے تعلق رکھنے والے 76 سالہ اداکار جو اب امریکا میں رہتے ہیں، امریکی ریاست کیلیفورنیا کے گورنر بھی رہ چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کسٹم کی جانب سے اداکار پر 35 ہزار یورو کا جرمانہ کیا ہے جس میں چار ہزار یورو ٹیکس اور 5000 ہزار یورو براہ راست جرمانے کے ہیں۔
جس لگژری گھڑی کی وجہ سے اداکار کو ان مسائل کا سامنا کرنا پڑا اس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وہ سوئز کمپنی نے خصوصی طور پر اداکار کے لیے بنائی تھی۔
دوسری جانب ایونٹ کا اہتمام کرنے والے ادارے کی ویب سائٹ نے موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف آرنلڈ شیوازنیگر کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پچھلے 20 برس سے موسمیاتی تبدیلیوں سے بچاؤ کی کوششوں کا حصہ ہیں، جس کے لیے ان کی حکمت عملی یہ ہے کہ ’کم بولا اور زیادہ کام‘ کیا جائے۔