حب: سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ آصف علی زرداری نے بلوچستان کے علاقے حب میں جلسے سے خطاب میں کہا ہے کہ جو ہتھیار اٹھاتے ہیں اور بھولے بھٹکے دوستوں کو سمجھائیں کہ آپ کی بقا جمہوریت میں ہے۔
حب میں انتخابی جلسے سےخطاب میں آصف علی زرداری نے کہا کہ حب کراچی سے ایک گھنٹے کے فاصلے پر ہے، حب میں بھی ہسپتال ہونے چاہئیں، پانی کی سہولت اور یونیورسٹیاں ہونی چاہئیں، حب کو بھی کراچی جیسا ہونا چاہیے۔
آصف زرداری نے کہا کہ بھولے بھٹکے دوستوں کو سمجھائیں جو ہتھیاراٹھاتے ہیں، امن وامان بہتر کریں توکراچی کےسرمایہ کار حب آئیں گے، آپ کی بقا جمہوریت میں ہے، حب کا بجٹ یہاں نظرنہیں آتا، شاید دوستوں کی جیب میں نظرآتا ہے۔
سابق صدر نے کہا کہ پاکستان کو اسلام آباد والے سمجھنے کے لیے تیار نہیں ہے، ہر کوئی سمجھتا ہے کہ وہ پاکستان کے مسائل کا حل جانتا ہے حالانکہ پاکستان کے مسائل کا حل صرف سیاسی قوتیں جانتی ہیں، یہ آّپ کی بڑی سیاسی طاقتیں جو بنائی گئیں یا جو ابھی بنائی جا رہی ہیں وہ یہ سمجھ پائیں گی۔
آصف زردار کا کہنا تھا کہ میں نے لوگوں کو جیلوں سے چھڑوایا اور کوشش کی وہ ہمارے دوستی کریں اور پاکستان کو اپنا ملک سمجھ کر واپس آئیں اور میں سمجھتا ہوں کہ آج بھی اس پر کام کرنا اور دوستوں کو واپس لانا ضروری ہے۔