تازہ تر ین

نو پاکستانیوں کے قتل کی تحقیقات جاری، ایرانی وزیرخارجہ اسلام آباد پہنچ گئے

ایران کے وزیرِ خارجہ حسین امیر عبدالہیان پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ نے نور خان ائیربیس پر ان کا استقبال کیا۔

ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ، نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے ملاقات کریں گے۔

ملاقات کے دوران حالیہ پاک ایران کشیدگی، کالعدم گروہوں کی محفوظ پناہ گاہوں اور سرحدی انتظام سمیت متعدد اہم امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔

اس کے علاوہ پاک ایران تناؤ سے بچنے کے لیے سفارتی رابطے مزید بہتر بنانے پر بھی گفتگو متوقع ہے۔

پاک ایران وزرائے خارجہ دوپہر کو مشترکہ نیوز کانفرنس بھی کریں گے۔

واضح رہے پاک ایران حالیہ کشیدگی کے بعد ایرانی وزیر خارجہ کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔

دوسری جانب ایرانی شہر سراوان میں نو پاکستانیوں کے اندوہناک قتل کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم ایرانی حکام نے تحقیقات کے بارے میں ابھی تک پاکستان کو تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

تینوں زخمیوں کے فون سیٹ بھی ایرانی حکام کے پاس ہیں۔

نو پاکستانیوں میں سے پانچ کا تعلق مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور سے ہے، شہدا کے لواحقین غم سے نڈھال اور میتوں کی جلد از جلد وطن واپسی کے منتظر ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ایران نے پاکستان کی فضائی حدود کی سنگین خلاف ورزی کی تھی۔ ایران نے پاکستان کے صوبے بلوچستان میں فضائی حملہ کیا تھا۔

جواب میں پاکستان نے شدید رد عمل دیتے ہوئے جوابی حملہ کرتے ہوئے ایران کی حدود میں دہشت گردوں کو نشانہ بنایا تھا۔

اس کے علاوہ 27 جنوری کو پاکستان سے تعلق رکھنے والے 9 مزدروں کو ایران کے سرحدی علاقے سراوان میں بے دردی سے قتل کردیا گیا تھا۔

جاں بحق افراد کا تعلق مظفر گڑھ اور لودھراں سے ہے۔

پاکستان نے اس ہولناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے فوری تحقیقات کرنے اور گھناؤنے جرم میں ملوث افراد کا محاسبہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ایران میں 9 پاکستانیوں کے قتل کی تحقیقات جاری ہیں۔ ایران نے تحقیقات کی تفصیلات ابھی تک فراہم نہیں کیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain