راولپنڈی: آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں 10، 10 سال قید کی سزا سنادی۔
آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی۔ فاضل جج نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو 342کے بیان کیلئے سوالنامہ اور اسٹیٹمینٹس کی کاپیاں فراہم کیں-
سوالنامے میں ملزمان سے تقریبا 36 سوالوں کے جواب مانگے گئے ۔ دونوں سیاسی رہنماؤں نے خود جوابات لکھوائے۔
جج نے سزا سنانے سے پہلے آخری سوال پوچھا عمران خان صاحب سائفر کہاں گیا؟
بانی پی ٹی آئی نے جواب دیا کہ سائفر میرے پاس نہیں ہے، میں نے اپنے بیان میں لکھوا دیا ہے، وزیراعظم آفس کی سیکورٹی میری ذمہ داری نہیں تھی۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے 342 کے بیان قلمبند کرنے کے بعد جرم ثابت ہونے پر انہیں قید کی سزا سنادی۔