واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ پاکستان میں الیکشن کے بعد کی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔
ترجمان وائٹ ہاؤس جان کربی نے بیان میں کہا کہ عالمی مبصرین اب بھی پاکستان میں ووٹوں کی گنتی پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اس بارے میں مزید کچھ نہیں کہوں گا۔
جان کربی نے پاکستانی انتخابات میں ووٹرز کو دباؤ میں لانے اور مبینہ دھاندلی کے الزامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اس صورت حال کو بہت قریب سے دیکھ رہا ہے۔‘
امریکی محکمہ خارجہ ایک سے زائد بار پاکستان کے عام انتخابات کے دوران دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کرچکا ہے۔ اس سے قبل برطانیہ اور یورپی یونین نے بھی انتخابات میں لیول پلیئنگ فیلڈ، شمولیت اور شفافیت کے فقدان پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ پاکستان ان بیانات کو مسترد کرچکا ہے۔