امریکی فوج کے ایک اہلکار نے غزہ میں جاری جنگ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے واشنگٹن میں اسرائیلی سفارت خانے کے باہر خود کو آگ لگا لی۔
امریکی سیکرٹ سروس کے افسران، ڈی سی فائر اور ای ایم ایس کی جانب سے آگ بجھانے کے بعد جھلسنے والے اہلکار کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
میٹروپولیٹن پولیس ڈپارٹمنٹ کے ایک ترجمان نے بتایا ہے کہ اہلکار کی حالت نازک ہے۔
ائر فورس کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ واقعے میں حاضر سروس ائر مین شامل تھا۔
نیو یارک ٹائمز کے مطابق فوجی وردی میں ملبوس اس شخص نے انٹرنیٹ پر براہ راست نشر کی جانے والی ویڈیو میں کہا کہ ’میں اب نسل کشی میں ملوث نہیں رہوں گا۔‘
ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اس کے بعد اس نے خود پر مائع چھڑکتے ہوئے ’آزاد فلسطین‘ کے نعرے لگائے اور خود کو آگ لگا لی۔
مقامی پولیس اور سیکرٹ سروس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
اسرائیلی سفارت خانہ غزہ میں جنگ کے خلاف مسلسل احتجاج کا مرکز بن رہا ہے۔غزہ کی جنگ کے نتیجے میں امریکہ میں فلسطینیوں کے حق میں اور اسرائیل کے حق میں مظاہرے ہو رہے ہیں۔
دسمبر میں اٹلانٹا میں اسرائیلی قونصل خانے کے باہر احتجاج کے دوران ایک شخص نے خود کو آگ لگا لی تھی۔