اسلام آباد میں ن لیگ کے قائد نوازشریف کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں پیپلز پارٹی کو بھی وفاقی کابینہ میں شامل کرنے پر مشاورت کی گئی۔ قائد ن لیگ نواز شریف کا کہنا ہے کہ پہاڑ جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، مہنگائی میں کمی ناگزیر ہے۔
غیر رسمی مشاورت میں اہم قومی و سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سمیت ن لیگ کی سینئر قیادت نے اہم بیٹھک میں شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کی حکومت میں شمولیت کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آصف زرداری کے صدر منتخب ہونے کے بعد دوبارہ گزارش کروں گا۔
اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ صدارتی انتخاب کے بعد وزیر اعظم آپ جلد کابینہ تشکیل دیں، اور منشور پر عمل درآمد شروع کردیں۔
انھوں نے کہا کہ پہاڑ جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، عوام کو ہم سے بہت توقعات ہیں، مہنگائی میں کمی ناگزیر ہے۔