اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی حکومت کے اخراجات کم کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کمیٹی سرکاری اخراجات میں کمی لانے کے لیے عملی منصوبہ پیش کرے گی، کمیٹی 7 رکنی ممبران پر مشتمل ہوگی، کمیٹی کے چیئرمین ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ہوں گے۔
کمیٹی ممبران میں سیکرٹری کابینہ ڈویژن، سیکرٹری فنانس ڈویژن، سیکرٹری آئی اینڈ پی راشد محمود لنگڑیال، ڈاکٹر قیصر بنگالی، ڈاکٹر فرخ سلیم، ڈاکٹر محمد نوید افتخار شامل ہیں۔
یہ کمیٹی اخراجات میں کمی لانے کے لیے ٹی آر اوز طے کرے گی، کمیٹی فنانس ڈویژن کی قومی کفایت شعاری رپورٹ کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی کا مقصد ادارہ جاتی اصلاحات اور وفاقی حکومت کا سائز کم کرنا ہوگا۔ کمیٹی اخراجات کو کم کرنے کے لیے پینشن اسکیم، پی ایس ڈی پی یا دوسری تجاویز دے گی۔