بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں غیر ملکی طلبہ پر حملہ ہوا ہے۔ یہ حملہ گجرات یونیورسٹی کے ہاسٹل میں کیا گیا۔ نامعلوم حملہ آوروں نے غیر ملکی طلبہ کے کمروں میں توڑ پھوڑ کی۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں نے غیر ملکی طلبہ پر پتھراؤ کیا اور نعرے بازی کی۔
گجرات یونیورسٹی سرکاری ادارہ ہے اور اس کے ہاسٹل میں غیر ملکی طلبہ خصوصی اجازت و انتظام کے تحت قیام پذیر ہیں۔
ہفتے کو رات دیر گئے ہونے والے حملوں میں کئی غیر ملکی طلبہ زخمی ہوئے۔ زخمی طلبہ کو احمد آباد کے سردار ولبھ بھائی پٹیل اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔
گجرات یونیورسٹی بند کردی گئی ہے۔ تمام دروازوں پر پولیس کی نفری تعینات ہے۔ پولیس نے اس واقعے کی تحقیقات بھی شروع کردی ہے۔
اس واقعے کی ایک وڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں شرپسندوں کو پتھراؤ کرتے اور نعرے لگاتے دیکھا جاسکتا ہے۔ وڈیو بنانے والے کی آواز بھی سنائی دے رہی ہے جو کہہ رہا ہے یہ ہمارے ہاسٹل میں کیا ہو رہا ہے، یہ لوگ یہاں تک کیسے آگئے؟
پارلیمنٹ کے رکن اور آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک ایکس پوسٹ میں اسدالدین اویسی نے اس طرح کے واقعات قوم کے لیے بدنامی کا باعث ہیں۔