فیصل آباد میں پتنگ کی ڈور سے نوجوان کی ہلاکت کے بعد پتنگ بازی کے خلاف قوانین پر سختی سے عملدرآمد کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
22 سالہ نوجوان کی موت کے المناک مناظر کو کئی راہگیروں نے کیمرے میں ریکارڈ کیا تھا، کئی لوگوں نے یہ ویڈیو دیکھ لی جس کے بعد وہ شدید جذباتی ردعمل کا ژکار ہوئے۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے غم وغصے کا اظہار کیا ہے۔
وائرل ویڈیوز میں آصف کو 22 مارچ کو فیصل آباد میں اپنی موٹر سائیکل سے گرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ڈور اس کی گردن میں پیوست ہو گئی تھی۔
عینی شاہدین اس نوجوان کے تیزی سے خون آلود ہوتے کپڑے دیکھ کرمدد کے لیے دوڑ پڑے تاہم خون اتنا زیادہ بہا کہ نوجوان کو بچایا نہیں جا سکا۔
آصف افطاری کے لیے سامان خرید کر گھر لوٹ رہا تھا ۔ نوجوان کی عید کے بعد جلد ہی شادی بھی طے تھی۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی خبروں میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ نوجوان کی والدہ اس صدمے سے انتقال کرگئیں، تاہم تاحال ان رپورٹس کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کی گئی ہے۔