لاہور: ہائی کورٹ کے ججز کو دھمکی آمیز خطوط ملنے کا مقدمہ سی ٹی ڈی لاہور نے درج کرلیا۔
مقدمہ دہشت گردی اور دھمکیاں دینے کی دفعات کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا، خطوط کے نمونے فرانزک لیب جمع کروادیے گئے ہیں جہاں تحیقیقات کا عمل جاری ہے۔
یاد رہے کہ بدھ کو لاہور ہائیکورٹ کے 4 ججز کو بھی دھمکی آمیز خطوط موصول ہوئے تھے۔
یہ خطوط سینئر ترین جج جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس شاہد بلال حسن، جسٹس عابد عزیز شیخ اور جسٹس عالیہ نیلم کے نام بھجوائے گئے ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے چاروں ججوں کو خطوط موہد فاضل ولد منظور علی شاہ کے نام سے بھجوائے گئے۔
اطلاع ملتے ہی سی ٹی ڈی ٹیم اور ڈی آئی جی آپریشن ناصر رضوی سمیت پولیس افسران لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئے اور عدالت کی سکیورٹی مزید سخت کردی گئی۔