تازہ تر ین

سنجے لیلا بھنسالی عمران عباس کے حق میں بول پڑے

اسلام آباد: پاکستانی اسٹار عمران عباس نے کہا ہے کہ بھارتی فلمساز سنجے لیلا بھنسالی نے اُن کے ماضی کے بیان کی تصدیق کرکے ناقدین کے منہ بند کردیے ہیں۔

ماضی میں عمران عباس اپنے کئی انٹرویوز کے دوران بتا چکے ہیں کہ اُنہیں بالی ووڈ سے ‘عاشقی 2′ اور ‘رام لیلا’ جیسی فلموں کی پیشکش ہوئی تھی لیکن انہوں نے آفر قبول نہیں کی۔

اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر کئی یوٹیوبرز اور بلاگرز نے عمران عباس کو جھوٹا قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ عمران عباس صرف شہرت حاصل کرنے کے لیے اپنے انٹرویوز میں ایسے بیان دیتے ہیں۔

اب حال ہی میں بھارت کے نامور فلمساز سنجے لیلا بھنسالی نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ اُنہوں نے پاکستانی اداکار عمران عباس، فواد خان اور ماہرہ خان کو اپنی ویب سیریز ’ہیرا منڈی: دی ڈائمنڈ بازار‘ میں کاسٹ کرنے کا سوچا تھا۔

سنجے لیلا بھنسالی کے اس بیان کے ذریعے عمران عباس کو جھوٹا کہنے والے یوٹیوبرز، صحافی اور بلاگرز کو منہ توڑ جواب ملا ہے۔

عمران عباس نے سنجے لیلا بھنسالی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میں سنجے لیلا بھنسالی کے اس وضاحتی بیان پر اُن کا شکرگزار ہوں، میں اپنے پیارے یوٹیوبرز، صحافی اور بلاگرز کو مشورہ دینا چاہتا ہوں کہ اب آپ اُن دیگر ہدایتکاروں سے بھی تصدیق کرلیں جن کا میں نے اپنے انٹرویو میں نام لیا تھا کہ انہوں نے مجھے بالی ووڈ فلموں کی پیشکش کی تھی۔

اداکار نے کہا کہ مجھے اس بات کا افسوس نہیں کہ مجھے جھوٹا کہا گیا بلکہ دُکھ اس بات کا ہے کہ ہمارے یہاں اپنے ہی فنکاروں کا نیچا دِکھایا جاتا ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ دیکھ کر دُکھ ہوتا ہے کہ ہمارے لوگ نام نہاد صحافی، یوٹیوبرز اور بلاگرز کے اُن توہین آمیز تبصروں پر یقین کرتے ہیں جنہیں بالی ووڈ میں غیر مستند اور غیر معتبر سمجھا جاتا ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain