بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے گوتم گمبھیر کو بھارت کی مردوں کی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔
بھارت کے سابق اوپنر نے بورڈ کے ساتھ اس عہدے کے لیے تین سال کا معاہدہ کیا ہے، وہ لیجنڈری کرکٹر راہول ڈریوڈ کی جگہ لیں گے۔
اشوک ملہوترا کی قیادت میں تین رکنی کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی نے زوم کے ذریعے گوتم گمبھیر کا انٹرویو کرنے کے بعد اس عہدے کے لیے ان کی سفارش کی تھی۔
خیال رہے کہ گوتم گھمبیر نے 2011 کے ورلڈ کپ میں بھارت کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
گوتم گمبھیر باضابطہ طور پر جولائی سے اپنے عہدے پر کام کا آغاز کریں گے اور 31 دسمبر 2027 تک خدمات انجام دیں گے۔
اگرچہ گوتم گمبھیر نے باضابطہ طور پر کبھی کسی ٹیم کی کوچنگ نہیں کی لیکن وہ آئی پی ایل فرنچائزز لکھنؤ سپر جائنٹس اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے ساتھ بطور مینٹور منسلک رہے ہیں۔
گوتم گھمبیر کی تعیناتی کا اعلان کرتے ہوئے ایکس پوسٹ میں بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے لکھا کہ ‘یہ بے حد خوشی کے ساتھ میں مسٹر گوتم گمبھیر کو بھارتی کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ کے طور پر خوش آمدید کہتا ہوں’۔

انہوں نے کہا کہ جدید دور کی کرکٹ تیزی سے تبدیل ہوئی ہے اور گوتم نے اس بدلتے ہوئے منظر کو قریب سے دیکھا ہے، اپنے پورے کیرئیر میں مختلف کرداروں کو نبھانے اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد مجھے یقین ہے کہ گوتم بھارتی کرکٹ کو آگے بڑھانے کے لیے ایک مثالی شخص ہیں’۔
دوسری جانب گوتم نے بھی ایکس پر ایک پوسٹ کی جس میں انہوں نے کہا کہ بھارت میری پہچان ہے اور اپنے ملک کی خدمت کرنا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا ہے، مجھے ایک مختلف کیپ پہن کر واپس آنے کا اعزاز حاصل ہورہا ہے لیکن میرا مقصد وہی ہے جو ہمیشہ رہا ہے’۔

حال ہی میں میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ گوتم گمبھیر نے بی سی سی آئی کو مطلع کیا تھا کہ اگر انہیں سپورٹ اسٹاف کا فیصلہ کرنے کا اختیار ہوگا تو ہی وہ کوچ کا عہدہ سنبھالیں گے۔ فی الحال وکرم راٹھور بیٹنگ کوچ ہیں، جب کہ پارس مہمبرے اور ٹی دلیپ بالترتیب بولنگ اور فیلڈنگ کوچ ہیں۔