اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ ان شا اللہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی شادی سلامت رہے گی۔
دورانِ عدت نکاح سے متعلق کیس کی سماعت کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ سلمان اکرم راجا نے عدالت کے سامنے کیس اڑا کر رکھ دیا۔ آج تین بجے فیصلہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے حق میں آئے گا اور دونوں باعزت بری ہوں گے۔ ان شا اللہ یہ شادی سلامت رہے گی۔
اس موقع پر وکیل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ آج ہم نے عدالت کو بتایا کہ یہ مقدمہ اقوام عالم میں پاکستان کی بے عزتی کا سبب بن رہا ہے۔ سیاست کو اس نہج تک نہیں جانا چاہیے۔ اگر عورت نے کہہ دیا کہ عدت کی مدت گزر چکی تو گزر چکی۔ اس مقدمے کو کبھی بننا ہی نہیں چاہیے تھا۔ ہم یہاں پاکستان بھر کی خواتین کی عزت کے لیے کھڑے ہیں۔ یہ انتہائی گھٹیا مقدمہ ہے۔
سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ ایک شخص خاور مانیکا کو اغوا کیا گیا، 4 ماہ رکھا گیا۔ شادی کے 5 سال بعد اس نے عدت کی مدت کے خلاف کیس کر دیا۔ اس نہج کی سیاست کسی صورت قبول نہیں۔ عدت کا مقدمہ آگے چلے گا، دونوں میں سے ایک فریق ہائی کورٹ جائے گا۔ یہ اپیل جس تناظر میں ہوئی وہ بھی قوم کے سامنے ہے۔ 29 مئی کو فیصلہ سنانا تھا اس دن جج نے کہا میں فیصلہ سنانے سے قاصر ہوں۔ ان جج صاحب سے مقدمہ چھین کر ان جج صاحب کو دیا گیا۔ ہم توقع کرتے ہیں فیصلہ آئین و قانون کے مطابق آئے گا۔