ممبئی: ماضی کی سُپر ہٹ کلاسیکل بالی ووڈ فلم ‘ہم آپ کے ہیں کون’ نے اپنی ریلیز کے 30 سال بعد ایک بار پھر سینما گھروں میں واپسی کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اسٹارز سلمان خان اور مادھوری ڈکشٹ کی مقبول فلم ‘ہم آپ کے ہیں کون’ کی 30ویں سالگرہ کے موقع پر یہ فلم 9 اگست یعنی آج دوبارہ بھارت کے سینما گھروں میں ریلیز ہونے جارہی ہے۔
فلم کی 30 ویں سالگرہ کے موقع پر، راجشری فلمز نے بھارت کے سینی پولس تھیٹرز میں فلم کی دوبارہ خصوصی ریلیز کا شیڈول بنایا ہے جس کا اعلان راجشری فلمز نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی پوسٹ میں کیا۔
‘ہم آپ کے ہیں کون’ کے میگا ہِٹ گانوں، یادگار کرداروں، سلمان خان اور مادھوری ڈکشٹ کے درمیان بےمثال کیمسٹری نے اس فلم کو ہر عُمر کے مداحوں کے درمیان مقبول بنایا، کئی سال گزر جانے کے باوجود بھی مداح اس فلم کو بہت پسند کرتے ہیں۔
5 اگست 1994 کو ریلیز ہونے والی اس فلم کی ہدایتکاری سورج آر برجاتیا نے کی تھی جبکہ اسے راجشری پروڈکشنز نے پروڈیوس کیا تھا۔






































