اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے نااہلی کے معاملے پر اپیل کی جلد سماعت کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی۔
بیرسٹر علی ظفر نے جلد سماعت کی درخواست دائر کی۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کو سیاست سے باہر رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے، عمران خان کو الیکشن کمیشن نے اسپیکر قومی اسمبلی کے ریفرنس پر میانوالی سے ڈی سیٹ کیا اور الیکشن کمیشن فیصلے پر بانی تحریک انصاف کو الیکشن لڑنے سے روک دیا گیا۔
لاہور ہائیکورٹ لارجر بینچ الیکشن کمیشن کے خلاف اپیل پر سماعت کر رہا تھا لیکن اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپیل واپس لینے کی استدعا منظور کرنے سے انکار کر دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی وجہ سے لاہور ہائیکورٹ لارجر بینچ کارروائی آگے نہیں بڑھا پا رہا۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ اسلام آباد ہائی کورٹ فیصلے کے خلاف اپیل کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔