برطانیہ میں ایک عمررسیدہ جوڑا چند گھنٹے کے فرق سے ایک ہی دن انتقال کرگیا، دونوں میاں بیوی ایک دوسرے سے شدید محبت میں مبتلا تھے۔
میاں بیوی 68 سال سے شادی کے بندھن میں تھے اور زیادہ وقت ایک دوسرے کے ساتھ ہی گزارتے تھے، تاہم حال ہی میں دونوں میاں بیوی 24 گھنٹوں کے اندر اندر یکے بعد دیگرے انتقال کرگئے۔
عزیز و اقارب کا کہنا ہے کہ 89 سالہ اہلیہ این بیومونٹ کا انتقال صدمے سے ہوا جب انہیں پتا چلا کہ ان کے 92 سالہ شوہر فرینک بیومونٹ اب دنیا میں کچھ ہی دیر کے مہمان ہیں۔
این بیومونٹ اپنے شوہر سے نسبتاً اچھی صحت میں تھیں، لہٰذا ان کی اچانک موت رشتہ داروں کے لیے ایک بہت بڑا صدمہ ہے۔
ان کے شوہر شدید ڈیمنشیا میں مبتلا تھے، جب اُنہیں ان کی اہلیہ کی موت کی خبر دی گئی تو وہ اپنی اہلیہ کے انتقال کی خبر سننے کے چند گھنٹوں بعد ہی انتقال کر گئے۔
فرینک بیومونٹ ایک ریٹائرڈ کیمیکل کمپنی مینیجر تھے، انہیں گزشتہ سال جولائی میں میلتھم، ویسٹ یارکشائر کے ‘گرینکریس کیئر ہوم’ میں داخل کرایا گیا تھا کیونکہ ان کی اہلیہ زائد العمری کے سبب گھر پر ان کی دیکھ بھال نہیں کر پارہی تھیں۔
بعدازاں جب این بیومونٹ کو خود اپنی دیکھ بھال کی ضرورت پڑی تو اپریل میں انہیں بھی اسی کیئر ہوم میں منتقل کردیا گیا۔
اُنکے بیٹے نے بتایا کہ وہ دونوں میاں بیوی ہر کام ساتھ ساتھ کرتے تھے، والدہ کہیں اور نہیں جانا چاہتی تھیں، وہ دونوں ہر دن ساتھ گزارتے تھے۔
بیٹے نے مزید بتایا کہ اگرچہ میرے والد ڈیمنشیا کے مرض میں سنگین حد تک مبتلا تھے لیکن انہیں یہ بات اچھی طرح یاد تھی کہ انکی اہلیہ کون ہیں؟ وفات سے قبل میری والدہ دوپہر کے وقت اُن کے ساتھ دیر تک بیٹھی رہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمیں ڈاکٹرز نے بتادیا تھا کہ والد اب کچھ دیر کے مہمان ہیں اور پھر اچانک میری والدہ کا انتقال ہوگیا، انہیں ہارٹ اٹیک وغیرہ کچھ نہیں ہوا تھا، وہ بس اچانک چل بسیں۔
بیٹے کا مزید کہنا تھا کہ والدہ کی وفات کے چند گھنٹوں بعد ہی والد بھی انتقال کرگئے، چند گھنٹوں کے فرق سے ان دونوں کی موت ہم گھر والوں کے لیے حیران کُن طور پر تسلی بخش ہے، جس کی وجہ ان دونوں کی ایک دوسرے کیلئے لازوال محبت اور بہت سی خوشگوار یادیں ہیں۔