تازہ تر ین

مائیکل جیکسن کو سامنے دیکھ کر ‘بےہوش’ ہونے لگا تھا، امیتابھ بچن

 ممبئی: بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن نے انکشاف کیا ہے کہ جب اُنہوں نے پہلی بار عالمی شہرت یافتہ امریکی پاپ گلوکار مائیکل جیکسن کو اپنے سامنے دیکھا تھا تو وہ بےہوش ہونے لگے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ بچن نے اپنے ٹی وی شو ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ کے سیزن 16 کی حالیہ قسط میں مقبول گلوکار مائیکل جیکسن سے اپنی ملاقات کا قصہ سُنایا۔

امیتابھ بچن نے کہا کہ کئی سال پُرانی بات ہے، میں نیویارک کے ایک ہوٹل میں ٹھہرا ہوا تھا کہ ایک دن میرے کمرے کے دروازے پر دستک ہوئی، جب میں نے دروازہ کھولا تو باہر مائیکل جیکسن کھڑے تھے۔

لیجنڈری اداکار نے کہا کہ میں پہلی بار مائیکل جیکسن کو اپنے سامنے دیکھ کر دنگ رہ گیا تھا اور میں تقریباََ بےہوش ہونے لگا تھا کیونکہ مجھے یقین نہیں آرہا تھا کہ مائیکل جیکسن میرے سامنے کھڑے ہیں لیکن پھر میں نے خود کو پُرسکون کیا اور گلوکار سے ‘ہیلو’ کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ مائیکل جیکسن نے مجھ سے پوچھا کہ کیا یہ میرا (مائیکل جیکسن) کمرہ ہے؟، جب میں نے اُنہیں بتایا کہ یہ آپ کا نہیں بلکہ میرا کمرہ ہے تو اُنہیں احساس ہوا کہ وہ غلطی سے غلط کمرے میں آگئے ہیں۔

امیتابھ بچن نے کہا کہ بعدازاں، مائیکل جیکسن نے اپنے کمرے میں جاکر کسی کے ہاتھ مجھے ملاقات کا پیغام بھیجا، پھر ہم نے بیٹھ کر کافی بات چیت کی۔

اداکار نے مائیکل جیکسن کی تعریف کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ بے پناہ شہرت کے باوجود ناقابل یقین حد تک عاجز اور مہربان شخصیت کے مالک تھے۔

واضح رہے کہ مائیکل جیکسن 25  جون 2009 کو مداحوں سے بچھڑ گئے تھے لیکن ان کے گانوں نے آج بھی مداحوں کو اپنے سحر میں جکڑ رکھا ہے۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain