بھارتی فلم انڈسٹری کی دلکش اداکارہ سوناکشی سنہا کو بین المذاہب شادی پر بھارت میں ‘لو جہاد‘ کے طعنے دیکر کافی زیادہ ٹرول کیا گیا تاہم کسی کی پرواہ نہ کرتے ہوئے سوناکشی نے اداکار ظہیر اقبال سے 23 جون کو ‘سول میریج‘ کرلی۔
اداکارہ سوناکشی سنہا اس وقت اپنے شوہر ظہیر اقبال کے ساتھ اپنی خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہی ہیں، ان کی شادی کو ڈھائی ماہ سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے۔
حال ہی میں اداکارہ سوناکشی کو ‘گنیش اُتسو‘ کے موقع پر مسلمان شوہر کے ہمراہ آرتی کرتے دیکھ کر مداح یہ جاننے کے لیے بے تاب ہیں کہ شادی کے بعد سوناکشی کی زندگی کتنی بدلی اور کیا انہیں بھی بہت سی خواتین کی طرح کھانا پکانے جیسی روایتی توقعات کا سامنا کرنا پڑا یا نہیں؟
بھارتی میڈیا کےساتھ اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں اداکارہ سوناکشی سنہا نے انکشاف کیا کہ ‘مداح کمنٹ سیکشن میں پوچھتے ہیں کہ کیا میں سسرال میں کھانا پکانے کا دباؤ محسوس کرتی ہوں؟’
سوناکشی کا کہنا تھا کہ ‘مداحوں کو بتاتی چلوں کہ میں واقعی خوش قسمت ہوں کہ مجھ پر سسرال میں کھانا پکانے کا اتنا دباؤ نہیں ہے’۔
انہوں نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں تب ہی کھانا پکاتی ہے جب میں فری ہوتی ہوں کیونکہ شوٹنگ کے مصروف شیڈول کی وجہ سے مجھے اتنا وقت نہیں ملتا کہ گھر داری سنبھالوں‘۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ ‘میرے سسرالی اور شوہر ظہیر میری اس کومپلیکیشن کو سمجھتے ہیں اور جانتے ہیں کہ شوٹنگ کے ساتھ گھر سنبھالنا مشکل کام ہے‘۔
سوناکشی کا شادی کے بعد کھانا پکانے کا پہلا تجربہ
حال ہی میں ایک تقریب کے دوران اداکارہ سوناکشی نے مداحوں سے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے اپنے سسرال میں پہلی مرتبہ ستو کا پراٹھا بنا کر سب کو حیران کر دیا جبکہ ان کے شوہر ظہیر اقبال نے ان کا ساتھ دیتے ہوئے پہلی مرتبہ ایوکاڈو سموتھی بنانے کا تجربہ کیا تھا۔
اداکارہ نے بتایا کہ جب شادی کے بعد انہوں نے پہلی مرتبہ سسرال میں کھانہ پکایا تو ان کی والدہ پونم سنہا یہ دیکھ کر بہت خوش ہوئیں کہ وہ اب گھرداری سنبھال رہی ہیں۔
سوناکشی نے انکشاف کیا کہ ان کی والدہ ہمیشہ سے چاہتی تھیں کہ وہ اداکارہ کے بجائے شیف بنیں لیکن ایسا نہیں ہوا اس لیے جب انہوں نے پہلی مرتبہ سسرال میں کھانہ پکایا تو والدہ کی خوشی دیدنی تھی۔
واضح رہے کہ کام کے محاذ پر سوناکشی سنہا کو آخری مرتبہ فلم ‘کاکودا’ میں دیکھا گیا تھا جس کا پریمیئر 12 جولائی کو ہوا تھا تاہم مداح اب اداکارہ کی اگلی ریلیز ‘نکیتا رائے اینڈ دی بک آف ڈارکنیس’ کے لیے پرجوش ہیں۔





































