برسبین: آسٹریلیا میں رہنے والے ایک شادی شدہ جوڑے کو فیس بک پوسٹ کی بدولت 57 سال بعد اپنی شادی کی گم شدہ ویڈیو مل گئی۔
اسکاٹ لینڈ کے شہر ابرڈین سے تعلق رکھنے والے ٹیری چین کا کہنا تھا کہ ان کے پاس سپر 8 فلموں کا ایک بڑا کلیکشن موجود ہے جو انہوں نے خود فلمایا ہے لیکن رواں برس اپریل میں انہوں نے جب اپنے کلیکشن کو ڈی وی ڈی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تو انہوں نے دو ایسے لوگوں کی شادی کی ویڈیو کی ریلز ملیں جن کو وہ جانتے نہیں تھے۔
انہوں نے اس فلم سے ایک تصویر لی اور لوکل فیس بک گروپ پر پوسٹ کر دی لیکن چھ ماہ تک جوڑے کے متعلق کچھ معلوم نہ ہو سکا۔
حال ہی میں یہ تصویر ابرڈین کے میسٹرک ایریا کے مقامی افراد کے گروپ میں شیئر کی گئی جہاں اس پر آئلین ٹرنبُل کی نظر پڑی۔
77 سالہ آئلین (جو اب آسٹریلیا کے شہر برسبین میں رہتی ہیں) کا کہنا تھا کہ انہیں اس گروپ کا ممبر بنے پانچ منٹ ہی ہوئے تھے کہ ان کے سامنے اپنی ہی شادی کی تصویر آگئی۔
بی بی سی اسکاٹ لینڈ سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ فیس بک استعمال کر رہی تھیں جب ان کے سامنے یہ شادی کی تصویر آئی۔ ان کے خاوند وہیں بیٹھے تھے وہ ان کی جانب مُڑیں اور کہا کہ یہ ان کی شادی کی تصویر ہے۔
آئلین اور ان کے شوہر بِل 1967 میں ابرڈین میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے اور بعد ازاں برسبین منتقل ہوگئے تھے۔
جوڑے کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی شادی کی ویڈیو صرف ایک بار ہی دیکھی تھی جو بعد میں مانگ کر لائے گئے پروجیکٹر میں رہ گئی تھی اور مالک کے پاس چلی گئی تھی۔