پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی نااہلی کے لیے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔
عزیز الدین کاکاخیل ایڈووکیٹ کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی، لہٰذا آرٹیکل 62 کے تحت انہیں نااہل کیا جائے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ علی امین گنڈا پور نے جلسوں کے لیے سرکاری وسائل استعمال کیا، علی امین گنڈاپور صوبے کے وزیراعلیٰ ہیں اور سیاسی مقاصد کے لیے سرکاری وسائل استعمال کرنا غیرقانونی ہے۔ علی امین گنڈا پور نے لشکر کے ساتھ وفاقی دارالحکومت پر چڑھائی کی، جو تشویش ناک ہے۔
پشاور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں وزیر اعلیٰ کو کام سے روکنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست گزار نے اپنی درخواست میں وزیراعلیٰ و گورنر خیبرپختونخوا، وفاقی اور صوبائی حکومت، الیکشن کمیشن اور آئی جی خیبرپختونخوا کو فریق بنایا ہے۔