تازہ تر ین

ملتان ٹیسٹ: پاکستان کے 556 رنز کے جواب میں انگلینڈ کے 96 رنز

ملتان ٹیسٹ میں دوسرے دن کے اختتام پر انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کے پہلی اننگز کے 556 رنز کے جواب میں 96 رنز بنالیے۔

3 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا یہ پہلا میچ ملتان میں کھیلا جا رہا ہے جس کے دوسرے روز پاکستان کی پوری ٹیم 556 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جس کے بعد انگلش ٹیم بیٹنگ کرنے آئی۔

پاکستانی بیٹنگ کے جواب میں انگلش ٹیم نے جارحانہ آغاز کرتے ہوئے ایک وکٹ کے نقصان پر 96 رنز بنا لیے جبکہ اسے پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کے لیے مزید 460 رنز درکار ہیں۔

انگلش ٹیم نے پاکستان کے خلاف مایوس کن آغاز کیا اور اس کی پہلی وکٹ 4 رنز پر گرگئی، اولی پاپ صفر پر نسیم شاہ کا شکار ہوئے۔

تاہم ایک وکٹ گرنے کے بعد زیک کرالی اور جو روٹ نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک کریز پر موجود رہے۔

کھیل کے تیسرے روز جوروٹ 32 اور زیک کرالی 64 رنز سے اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کریں گے۔

پاکستانی ٹیم 556 رنز بناکر آل آؤٹ

قبل ازیں پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 556 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی تھی، پاکستان کی جانب سے دوسرے روز سعود شکیل اور نائٹ واچ مین نسیم شاہ نے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تھا، سعود شکیل نے اپنے کیریئر کی ساتویں نصف سنچری اسکور کی جب کہ نسیم شاہ 33 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے تھے۔

نسیم شاہ کے بعد محمد رضوان کھیلنے آئے مگر وہ بغیر کوئی اسکور بنائے جیک لیچ کی گیند پر کرس ووکس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد سلمان علی آغا نے سعود شکیل کے ساتھ مل کر اسکور کو آگے بڑھایا۔

سعود شکیل 82 رنز کی اننگز کھیل کر شعیب بشیر کا شکار بنے جس کے بعد آنے والے آل راؤنڈر عامر جمال صرف 7 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، شاہین آفریدی 26 رنز اور پھر ابرار احمد 3 بناکر پویلین لوٹ گئے۔

 سلمان آغا نے شاندار سینچری اسکور کرکے پاکستان کو 556 رنز تک پہنچا دیا، یہ اس اننگ کی تیسری سینچری رہی، اس سے قبل گزشتہ روز کپتان شان مسعود اور اوپنر عبداللہ شفیق بھی سینچری مکمل کرچکے ہیں۔

میچ کے پہلے دن پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنائے تھے۔ قومی ٹیم کی جانب سے شان مسعود نے 151 رنز بنائے تھے اور عبداللہ شفیق نے 102 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

خیال رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے 2 ٹیسٹ ملتان میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان پلیئنگ الیون

صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کپتان شان مسعود، بابر اعظم، نائب کپتان سعود شکیل، وکٹ کیپر محمد رضوان، سلمان علی آغا، عامر جمال، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد۔

انگلینڈ پلیئنگ الیون

زیک کرالے، بین ڈکٹ، کپتان اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، وکٹ کیپر جیمی اسمتھ، کرس ووکس، گس ایٹکنسن، بریڈن کرس (ڈیبیو)، جیک لیچ اور شعیب بشیر۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain