شیخوپورہ،لاہور (ڈسٹرکٹ رپورٹر،دنیانیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاہے کہ مجھے پنجاب کی ہر بیٹی پر ناز ہے ، پنجاب کی خواتین کو تعلیم، صحت، روزگار، کھیلوں سمیت ہر شعبے میں ترقی اورخوشحالی کی مثال بنانا ہے ۔
قائد اعظم بزنس پارک میں قائم گارمنٹ سٹی میں ٹریننگ مکمل کرنے والی پہلے بیچ کی سٹوڈنٹس کو سرٹیفکیٹس، ملازمت کے لیٹر اور سکالرشپ کے چیک دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بچیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ اپنے گھر کی عزت اور شان ہیں ، میں چاہتی ہوں کہ آپ لینے والے نہیں بلکہ دینے والا ہاتھ بن جائیں اور آپ کو ہنر مند بنانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ آپ کو کسی قسم کی مالی محتاجی نہ ہو،خود باعزت روزگار کما سکیں، یہی اس منصوبے کا مقصد تھا،ہنرمند بننے کے بعد کوئی آپ کو کمزور نہیں سمجھے گا۔انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب ہر تحصیل میں گارمنٹ ٹریننگ سنٹر قائم کررہی ہے تاکہ بیٹیوں کو گھر سے دور سفر نہ کرنا پڑے ،میں بچیوں کے ہنر سیکھنے پر بہت خوش ہوں ، مجھے یقین ہے کہ پورے اعتماد کے ساتھ جی سکیں گی،میں آپ کی ترقی کے سفر پر خوش ہوں ۔ مریم نوازشریف نے واہگہ لاہور سے قائد اعظم بزنس پارک آنے والی بچیوں کونہ صرف سکالرشپ، ٹریننگ اور نوکری کا لیٹر دیا بلکہ ان کے لئے مفت پک اینڈ ڈراپ کا بھی اہتمام کیا۔
قبل ازیں وزیر اعلیٰ نے قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ انٹرچینج نئی روڈ کا افتتاح کیا اورگارمنٹ سٹی میں دو پلگ اینڈ پلے سٹیچنگ یونٹس، لیبر کالونی میں میل فی میل ہاسٹل پراجیکٹس اور ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ آف گارمنٹ سٹی کی تزئین نو پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ مریم نواز شریف نے شیخوپورہ کے سیف سٹی پراجیکٹ کا افتتاح بھی کر دیا اور سیف سٹی شیخوپورہ کی ویڈیو وال کا مشاہدہ کیا اور سیف سٹی شیخوپورہ میں جدید مواصلاتی آلات کامعائنہ کیا۔بعدازاں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے شیخوپورہ کے ارکان اسمبلی سے ملاقات کی۔انہوں نے ڈی پی او شیخوپورہ کو وال چاکنگ کے خاتمے کے لئے موثر اقدامات کا حکم دیا اور پولیس حکام کو عوام کے لئے آفس کے دروازے کھلے رکھنے کی ہدایت کی۔ مریم نواز شریف نے اقوام متحدہ سے منسوب دن پراپنے پیغام میں کہاہے کہ اقوامِ متحدہ امن، انسانی حقوق اور ترقی کے لئے امید کی کرن ہے ،ذمہ دار اور سرگرم رکن کی حیثیت سے پاکستان اقوام متحدہ کے پلیٹ فارمز پر عالمی امن اور ترقی میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ اقوام متحدہ کے عالمی دن پر اپیل کرتے ہیں کہ عالمی ادارہ فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں کو حق دلانے میں اپنا کردار ادا کرے ۔