پاکستان کی معروف اداکارہ صبا قمر بھی لاہور کی فضا میں ہر سو چھائی آلودگی(اسموگ) سے شدید پریشانی کا شکار ہوگئیں۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام اسٹوری میں اداکارہ صبا قمر لاہور کے نام پیغام لکھا اور اسموگ کے باعث اپنی مشکلات کا اظہار بھی کیا۔
انہوں نے لکھا کہ ’ڈیئر لاہور، میں سانس لینا چاہتی ہوں، اسموگ بہت زیادہ اور دم گھوٹنے والی ہے، میں ہر سانس میں اسے محسوس کرسکتی ہوں۔‘
اداکارہ نے لکھا کہ ’ہم میں سے جو لوگ دمے کا شکار ہیں ان کے لیے یہ ناصرف غیر آرام دہ ہے بلکہ زندہ رہنے کے لیے جدوجہد کرنی پڑ رہی ہے، براہ کرم آسمان صاف کریں اور جلد اپنی اصلی حالت میں واپس آجائیں‘۔
خیال رہے کہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں اسموگ کی ابتر صورت حال کے پیش نظر شہر سمیت پنجاب بھر میں آنکھ، ناک، کان، گلے اور سانس لینے میں تکلیف سمیت دوسری بیماریاں پھیل رہی ہیں۔
لاہور میں گزشتہ ہفتے ایئر کوالٹی انڈیکس ایک ہزار سے تجاوز کر گیا تھا جو کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے معیار سے 70 فیصد تک زائد تھا۔
عالمی ادارہ صحت سمیت دوسرے اداروں کی مختلف تحقیقات میں پہلے یہ بتایا جا چکا ہے کہ فضائی آلودگی یعنی اسموگ وغیرہ سے امراض قلب، پھیھپھڑوں کی بیماریوں سمیت پھیپھڑوں کا کینسر اور فالج جیسے سنگین امراض بھی ہوتے ہیں اور دنیا بھر میں سالانہ فضائی آلودگی کے باعث لاکھوں افراد ہلاک ہوتے ہیں۔
حکومت پاکستان اور پنجاب حکومت کا دعویٰ ہے کہ لاہور میں اسموگ کی خراب صورت حال بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی وجہ سے ہے۔
لاہور سمیت پنجاب کے دوسرے شہروں میں اسموگ کی ابتر صورت کے باعث حکومت نے وہاں اسکول بند کردیے ہیں جب کہ شہریوں کو زیادہ وقت گھروں میں رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
اسموگ کے باعث پیش آنے والی مشکلات کے سبب لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب میں مارکیٹیں 8 بجے بند کرنے اور اتوار کو بند رکھنے کا حکم دیا ہے جبکہ پرائمری اسکول بھی ایک ہفتے کے لیے بند ہیں۔