ایئرکوالٹی انڈیکس کی تازہ رپورٹ کے مطابق راجن پور کا علاقہ روجھان 812 اسکور کے ساتھ آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے جبکہ سیالکوٹ 620 اسکور کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگیا۔
ایئرکوالٹی انڈیکس کی تازہ رپورٹ کے مطابق لاہور 856 سے 457 جبکہ نئی دہلی 274 اور بیجنگ 194 اسکور پر موجود ہے۔ فضائی آلودگی انڈیکس میں 163 کے اسکور سے بغداد، 162 کے اسکور سے تاشقند بھی سرفہرست شہروں میں شامل ہے۔
پاکستان کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں روجھان پہلے، سیالکوٹ دوسرے، 478 اسکور سے پنڈی بھٹیاں تیسرے، لاہور چوتھے، 447 اسکور سے ملتان پانچویں نمبر پر ہے۔
فضائی آلودگی انڈیکس میں منگلا 255 اسکور سے چھٹے اور راولپنڈی 244 اسکور سے ساتویں نمبر پر ہے۔
اس سے قبل لاہور کا ایئرکوالٹی انڈیکس کا اسکور 586 ریکارڈ کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ بھارت سے آلودہ ہواؤں کی رفتار تھمی اور نہ ہی ان کا رخ بدلا ہے، پڑوسی ملک میں فصل کی باقیات جلانے سے پیدا ہونے والا سیاہ زہریلا دھواں پاکستان میں داخل ہورہا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پورے پاکستان اور ہر شہری کو اپنی اپنی جگہ پر زہریلے اسموگ کے خاتمے کی جدوجہد میں کردار ادا کرنا ہوگا، پہلی مدد دھوئیں کو روکنا، خلاف ورزی کرنے والوں کی 1373 پر اطلاع دینا اور ماسک سمیت احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہے۔