وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہم اپنا حق لینے دوبارہ اسلام آباد جائیں گے، حکمت عملی ابھی نہیں بتا سکتا۔
صوبائی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اپنا حق لینے کے لیے دوبارہ اسلام آباد جائیں گے۔ یہ ظلم بربریت کرتے ہیں، ہم عادی ہوچکے ہیں۔ آئین نے ہمیں احتجاج کا حق دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کے لیے اسلام آباد جائیں گے۔احتجاج، جلسہ کے لیے ہماری تیاری ہر وقت مکمل ہوتی ہے۔ حکمت عملی ابھی بتا نہیں سکتا، لیکن زبردست ہوگی۔ پُرامن احتجاج کا ہمیں حق ہے، ہم پرامن احتجاج کرتے ہیں، ہمارا راستہ روکا جاتا ہے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت ہم پر تشدد، ربڑ بلٹ کا استعمال کرتے ہیں، خندقیں کھودتے ہیں۔ یہ اگر ایسا کرتے ہیں تو ہم بھی عادی ہوچکے ہیں۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ عدالت میں جو چیز چل رہی ہے اس پر بات نہیں کرتا۔